کچھ آستین کے سانپ نوازشریف کو ہلکے ہلکے ڈستے جارہے ہیں خورشید شاہ

ہم حالات کو بگاڑنا نہیں بلکہ ٹھیک کرنا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب نے سارے مسائل خود پیدا کیے، اپوزیشن لیڈر


ویب ڈیسک May 06, 2016
ہم حالات کو بگاڑنا نہیں بلکہ ٹھیک کرنا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب نے سارے مسائل خود پیدا کیے، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم حالات کو بگاڑنا نہیں بلکہ ٹھیک کرنا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب نے سارے مسائل خود پیدا کیے جب کہ کچھ آستین کے سانپ ہیں جو نوازشریف کو ہلکے ہلکے ڈستے جارہے ہیں۔

سکھر ملتان موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کے شکوے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے سکھر آنے کے لیے دعوت نہیں دی لیکن اگر اطلاع دیتے تو یقیناً انہیں خوش آمدید کہتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالات کو بگاڑنا نہیں بلکہ ٹھیک کرنا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب نے سارے مسائل خود پیدا کیے اور نہ جانے کون ہے جو میاں صاحب کو جنگ بڑھانے کی طرف دھیکل رہا ہے، کچھ آستین کے سانپ ہیں جو ہلکے ہلکے میاں صاحب کو ڈستے جارہے ہیں لہٰذا نواز شریف اب بھی سمجھ جائیں۔

خورشید شاہ کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم جذباتی ہوگئے تاہم وزیراعظم کے بچوں نے آف شور کمپنیوں کا خود اعتراف کیا جب کہ اپوزیشن کے ٹی اوآرمیں نواز شریف کےاستعفے کا مطالبہ نہیں لیکن اللہ کرے میاں صاحب کو ہمارے ٹی اوآرز سمجھ میں آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں کبھی کسی کوانتقام کا نشانہ بنایا نہ سیاسی گرفتاریاں کیں لیکن یوسف رضاگیلانی اور راجہ پرویزاشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مقصد نہ صرف دباؤبڑھانا ہے بلکہ پانامالیکس پر نرم رویہ اختیارکرانا ہے۔

واضح رہے کہ سکھر ملتان موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس موقع پر اپنے دوست خورشید شاہ کی یاد آ گئی جو آج اس پل اورموٹر وے کے سنگ بنیاد کی تقریب میں موجود ہوتے تو بڑی خوشی ہوتی جب انہوں اپوزیشن لیڈر پر طنز کرتے ہوئے بھی کہا کہ وہ ہمارے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں اور ہم ان کے شہر میں موٹروے بنا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں