پانامہ لیکس ٹی او آرزپرحکومت کا اپوزیشن سے دوٹوک مذاکرات کا فیصلہ

حکومت نے طے کیا ہے کہ ٹی اوآرز کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے پہلے اجتماعی مذاکرات کیے جائیں گے، ذرائع


عامر خان May 07, 2016
پانامہ لیکس: ٹی او آرز پر حکومت کا اپوزیشن سے دوٹوک مذاکرات کا فیصلہ فوٹو؛ فائل

حکمراں مسلم لیگ کی قیادت نے پانامہ لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے قائم متوقع عدالتی کمیشن کے ٹرم آف ریفرنس (ٹی آو آرز ) کے معاملے پر اپوزیشن سے دوٹوک سیاسی پالیسی کے تحت مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

اپوزیشن احتجاجی پالیسی اختیار نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے گی تو مشاورت سے قانون کے مطابق ٹی اوآرز طے کیے جائیں گے ۔اگر اپوزیشن کی مذاکراتی پالیسی میں لچک ہوگی تو بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا بصورت حکومت واضح پیغام دے گی کہ اپوزیشن کیلیے سیاسی میدان کھلا ہے ،حکومت کسی دباؤ یا دھمکی میں نہیں آئے گی اور اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کا سیاسی وقانونی انداز میں مقابلہ کیا جائے گا ۔

امن وامان خراب کرنے کی صورت میں قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے،مشاورت میں طے کیا گیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کرے گی اور ان کو مذاکرات کی دعوت دی جائے گی اور ان سے کہا جائے گاکہ حکومت نئے ٹی اور آرز کو مرتب کرنے کیلیے تیار ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے طے کیا ہے کہ ٹی اوآرز کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے پہلے اجتماعی مذاکرات کیے جائیں گے ۔اگر مذکورہ پالیسی کامیاب نہیں ہوتی تو پھر انفرادی طور پر بات چیت کی پالیسی اختیار کی جائے گی ۔حکومت اپوزیشن کی حکمت عملی اور سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی ومذاکراتی پالیسی میں مشاورت سے تبدیلی لائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔