زیکا وائرس کی تشخیص کرنے والا کاغذ تیار

کاغذ کی جیسی دکھنے والی ڈیوائس کی مدد سے چند گھنٹوں میں زیکا وائرس کی تشخیص ممکن ہو گی، ماہرین

اس ڈیوائس کی مدد سے صرف ایک ڈالر میں زیکا وائرس کی تشخیص کرائی جا سکتی ہے۔ فوٹو: ٹیک کرنچ

سائنسدانوں نے ایک ایسا کاغذ تیار کر لیا ہے جس کے ذریعے چند گھنٹوں میں زیکا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔

امریکی اور کینیڈین تحقیق دانوں نے ایک ایسا کاغذ تیار کر لیا ہے جس کے ذریعے چند گھنٹوں میں زیکا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل زیکا وائرس کی تشخیص کرنے والے ٹیسٹ کے درست نتائج حاصل کرنے کے لئے کئی دن درکار ہوتے تھے جب کہ اس کے اخراجات بھی بہت زیادہ تھے لیکن اس کاغذ جیسی ڈیوائس سے نہ صرف انتہائی کم وقت میں درست تشخیص کی جا سکتی ہے بلکہ اس پر آنے والا خرچ بھی انتہائی کم یعنی صرف ایک ڈالر ہے۔ یہ ڈیوائس بائیو میٹرک اور CRISPR پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے کام کرتی ہے۔


زیکا وائرس کی تشخیص کے لیے لیب میں ٹیسٹ کیا جاتا تھا جس کے لئے ماہر ڈاکٹر اور مہنگے آلات کی ضرورت ہوتی تھی لیکن اس نئی ایجاد کے ذریعے زیکا وائرس کا ٹیسٹ چھوٹی سی ڈیوائس کی مدد سے باآسانی ہر جگہ کیا جا سکتا ہے۔

اس کاغذ کے ذریعے تشخیص کا عمل شروع کرنے کے لیے فرد کے لعب دہن یا خون کی اتنی ہی مقدار درکار ہوتی ہے جتنی شوگر کی تشخیص کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ کاغذ کے سینسرز انتہائی برق رفتاری سے اپنا کام شروع کر دیتے ہیں اور اگر دییے گئے سیمپل میں زیکا وائرس کے آر این اے موجود ہوں تو کاغذ پر موجود تمام نشانات کا رنگ بدل کر جامنی (پرپل) ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجاد یقیناً انسانیت کو اس موذی مرض سے بروقت بچنے میں مدد دے گی کیونکہ زیکا وائرس کے دنیا کے ہر حصے میں پہنچنے کے شدید خطرات موجود ہیں۔
Load Next Story