بھارت کے سلامتی کونسل کا رکن بننے کی حمایت نہیں کریں گے اطالوی وزیر خارجہ

پاکستانی موقف کی تائیدکرتے ہیں، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے، وزیر خارجہ گینٹیلونی سیلور


نوید معراج May 09, 2016
پاکستانی موقف کی تائیدکرتے ہیں، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے، وزیر خارجہ گینٹیلونی سیلور. فوٹو:فائل

اٹلی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توسیع کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت نہ دینے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت کرے گا۔

اس عزم کااعادہ اٹلی کے وزیر خارجہ پاؤلوگینٹی لونی سیلورنے حالیہ دورہ اسلام آبادمیں پاکستان قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں کیا۔ سرکاری ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گینٹی لونی سیلور نے بھارتی پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہارکیا اور کہا بھارتی دہرے معیارات کی وجہ سے یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کامستقل رکن بننے کااہل نہیں ہے اور ان کا ملک سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کیلیے بھارت کی مخالفت جاری رکھ ے گا۔ یہ یادرہے کہ سلامتی کونسل کی توسیع کے مسئلہ پر اٹلی نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے اور 2004ء میں سابق صدر پرویزمشرف کے دورہ روم کے دوران پاکستان کو یہ واضح طور پر بتا دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایااٹلی کے وزیرخارجہ نے ملاقاتوں میں دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلیے پاکستان کے کردارکوبھی سراہا اور اس خواہش کااظہارکیاکہ یورپ خصوصاً اٹلی میں ممکنہ دہشتگرد حملوںکی روک تھام کیلئے پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اٹلی کے وزیرخارجہ پاکستان میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کانذرانہ دینے والوں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ گینٹی لونی سیلورنے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں جاری پیش رفت پر بھی اطمینان کااظہارکیااور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔