پریذیڈنٹ ٹرافی عمر گل نے حبیب بینک کو فتح دلادی

سوئی ناردرن نے پی آئی اے کو143رنز سے قابو کیا،زیڈٹی بی ایل اور پورٹ قاسم بھی کامیاب ۔


Sports Desk November 18, 2012
عمر گل نے یو بی ایل کے خلاف5وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں عمرگل نے5وکٹیں لے کر حبیب بینک کو یو بی ایل کیخلاف251 رنز سے فتح دلا دی۔

429 کے مشکل ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کی ہمت177 پر جواب دے گئی۔ سوئی ناردرن گیس نے پی آئی اے کو143رنز سے قابو کرلیا، سمیع اللہ خان نیازی نے 36 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،اسٹیٹ بینک کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک نے 4وکٹ سے کامیابی حاصل کی، پورٹ قاسم اتھارٹی نے کے آر ایل کیخلاف مقابلہ6وکٹ سے جیت لیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں حبیب بینک کیخلاف429رنز کا تعاقب کرنے والی یونائیٹڈ بینک کی ہمت 177 پر جواب دے گئی، کاشف بھٹی38 اور علی عمران 30رنز کچھ مزاحمت کرپائے۔

عمرگل نے 42رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، احسان عادل اور محمد اسلم کے حصے میں 2،2وکٹیں آئیں، فاتح ٹیم کی جانب سے اس میچ میں سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے 133رنز اسکور کیے تھے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سوئی ناردرن گیس کیخلاف279رنز کا ہدف پانے والی قومی ایئرلائن کی ٹیم44.2 اوورز میں 135 پر آئوٹ ہوگئی، شعیب ملک گذشتہ دن کے انفرادی اسکور 26 میں محض 4رنز کا اضافہ ممکن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، دسویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے انور علی نے 31رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

انھوں نے آخری وکٹ کیلیے 34رنز جوڑے، سمیع اللہ خان نیازی نے 36 رنز دے کر 5 پلیئرز کو آئوٹ کیا، اسد علی نے 3وکٹوں کیلیے 51رنز دیے،میچ میں فاتح سائیڈکی جانب سے علی وقاص نے پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں ففٹی اسکور کی تھی۔ ڈائمنڈ کلب گرائونڈ، اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک نے4وکٹ سے کامیابی سمیٹی، ناکام سائیڈ کا آخری کھلاڑی گذشتہ دن کے اسکور 140 میں کوئی اضافہ کیے بغیر آئوٹ ہوگیا،زیڈ ٹی بی ایل کو اختتامی دن فتح کیلیے 200 کا ہدف ملا جو اس نے 42.2 اوورز میں 6 وکٹ گنواکر پالیا۔

اوپنر آفتاب رحیم38 اور شاہد یوسف 33 کے بعد حارث سہیل نے 68 کی ناقابل شکست فتح گر اننگز کھیلی، سہیل تنویر نے بھی 25رنز بناکر ان کا ساتھ نبھایا، کاشف صدیق نے 32رنزدے کر4 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں پورٹ قاسم نے کے آر ایل کو 6وکٹ سے مات دی، فاتح ٹیم نے83 رنزکے حصول میں چار وکٹیں کھوئیں، خرم منظور22 اورمحمد سلمان18 پر ناٹ آئوٹ رہے، دونوں پلیئرز کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 29 رنزکی ناقابل شکست شراکت بنی، تین وکٹیں یاسر علی کے نام رہیں، اس سے قبل 55رنزکے خسارے میں جانے والی خان ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیم دوسری باری میں 33.1 اوورز میں 136رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، تنویر احمد نے4 اوراعظم حسین نے3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |