پی کے 8 عمران اورفضل الرحمن کے جلسوں پرالیکشن کمیشن کا نوٹس

ضمنی انتخابات میں ایک لاکھ 36 ہزار 508 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، پولنگ اسکیم جاری

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلع ناظم اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر سی اینڈ ڈبلیو سے بھی وضاحت طلب فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پشاور میں ضمنی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے جلسے کرنے پر انھیں نوٹسز جاری کر دیے، پیر کو ریجنل الیکشن کمشنر پیر مقبول نے کہا کہ پی کے8 پشاور میں ضمنی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جلسے کرنے پر نوٹس جاری کر دیے گئے، ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق تحریک انصاف کا جلسہ (آج) کے پی کے اسمبلی کے حلقہ 8 میںہوگا، ضمنی انتخابات میں بڑے جلسے کرانا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پہلے بھی عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا، صوبائی حلقے پی کے8 پر ضمنی انتخاب 12مئی کو ہو گا، علاوہ ازیں پیر کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے حلقہ 8میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور سی اینڈ ڈبلیو ڈپارٹمنٹ پشاور کے سپریٹنڈنٹ انجینئرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 مئی کو الیکشن کمیشن کے سامنے طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں ہدایت کی ہے کہ دونوں شخصیات 11 مئی کوصبح 10 بجے ذاتی طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دیں، دریں اثنا الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 8 کی پولنگ اسکیم جاری کر دی، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 8میں 12 مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 98 پولنگ اسٹیشنز اور 514 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
Load Next Story