پاناما لیکس پراپوزیشن وزیراعظم سے جنگ نہیں جواب چاہتی ہےخورشید شاہ

وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں عدم حاضری تک اپوزیشن کا بائیکاٹ جاری رہےگا، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک May 10, 2016
وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں عدم حاضری تک اپوزیشن کا بائیکاٹ جاری رہےگا، قائد حزب اختلاف فوٹو : فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے وزیراعظم کو موقع دیا ہے کہ وہ ایوان میں آئیں اور پاناما پیپرز میں اپنے خاندان پر لگے الزامات کی وضاحت کریں جب کہ اپوزیشن ان سے جنگ نہیں جواب چاہتی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر پاناما لیکس میں پاکستان کے 250 افراد کے نام آئے ہیں اوروزیراعظم اکیلے نہیں جو الزامات کی زد میں ہیں، وزیراعظم کو موقع دیا ہے کہ وہ ایوان میں آئیں اور پاناما پیپرز میں اپنے خاندان کے نام آنے کی وضاحت کے علاوہ 1985 سے لے کر اب تک کے اپنے اثاثوں کی تفصیلات بتائیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ میں موجود ہے اور پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جنگ نہیں چاہتی صرف جواب اور پارلیمنٹ کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتی ہے اس لئے وزیراعظم کو ایوان میں آکر اپنا نقطہ نظر واضح کرنا چاہئے۔ خورشید شاہ نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی قومی اسمبلی میں عدم حاضری تک اپوزیشن کا بائیکاٹ جاری رہے گا اور اب نوازشریف ایوان میں آئیں گے تو ہی اپوزیشن جماعتیں ایوان میں جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔