پانامالیکس اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعظم سے وضاحت کیلئے سوال نامہ تیارکرنے کا فیصلہ

وزیراعظم سے پوچھا جائے گا پاناما میں کتنی سرمایہ کاری کی، پیسہ کہاں سے آیا اورکیسے بھجوایا گیا، جہانگیرترین


ویب ڈیسک May 10, 2016
وزیراعظم سے پوچھا جائے گا پاناما میں کتنی سرمایہ کاری کی، پیسہ کہاں سے آیا اورکیسے بھجوایا گیا، جہانگیرترین فوٹو؛ فائل

اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی میں وزیراعظم سے وضاحت کے لئے سوالنامہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیراعظم کے ایوان میں جمعہ کو آنے کے اعلان کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس پر ان سے وضاحت کے لئے سوال نامہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ایوان کو جواب دہ ہیں اس لئے پاناما لیکس کے معاملے پر صرف ایوان میں حاضری کافی نہیں بلکہ انہیں اپوزیشن جماعتوں کو مطمئن کرنا ہوگا۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم کی ایوان میں حاضری سے ہی مطمئن نہیں ہوں گے بلکہ اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے سوالات کی صورت میں وضاحت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے اور مشاورت سے کل تک سوالنامہ تیارکرلیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوالنامے میں وزیراعظم سے پوچھا جائے گا ان کے خاندان کی جانب سے پاناما منتقل کی گئی رقم پر کتنا ٹیکس ادا کیا گیا اور پاناما میں کتنی سرمایہ کاری کی، پیسہ کہاں سے آیا اور کیسے بھجوایا گیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کل اسلام آباد میں موجود نہیں ہوں گے اس لئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کل ایوان میں یہ سوالنامہ پیش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔