سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر افغانستان سے بازیاب

2013 کی انتخابی مہم کے دوران علی حیدر گیلانی کو ملتان سے 9 مئی کو اغوا کیا گیا تھا۔

2013 کی انتخابی مہم کے دوران علی حیدر گیلانی کو ملتان سے 9 مئی کو اغوا کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے بازیاب کرالیا گیا۔



علی حیدرگیلانی کی بازیابی کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے بازیاب کرالیا گیا ہے۔ علی حیدرگیلانی کو اغوا کے 3 سال اور ایک دن بعد بازیاب کرایا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ افغان سفیرعمرزخیوال نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو فون کیا اور بتایا کہ ان کے بیٹے کو غزنی میں سیکیورٹی آپریشن کے بعد بازیاب کرالیا گیا ہے۔





دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان اور نیٹو فورسز کی جانب سے غزنی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں القاعدہ کے 4 کارندے ہلاک ہوئے جب کہ اس موقع پر جس شخص کو بازیاب کرایا گیا وہ سابق وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے صاحبزارے علی حیدر گیلانی ہیں۔




ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی کا علی حید سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کرادیا گیا ہے جس میں علی حیدر کا کہنا تھا کہ وہ مکمل صحت یاب ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے واپس لانے کے لیے اپنا خصوصی طیارہ بھجوانے کی ہدایت کردی ہے جب کہ مشیر خارجہ کا کہنا ہےکہ افغانستان سے کلیئرنس ملتے ہی علی حیدر کو لاہور پہنچا دیا جائے گا۔



ادھر وزیراعظم نوازشریف اورسربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو فون کیا اورانہیں بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی سابق وزیراعظم کو فون کیا اورانہیں مبارکباد دی جب کہ علی حیدرگیلانی کی بازیابی کی خبرنشر ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے جیالوں کی بڑی تعداد ملتان میں گیلانی ہاؤس پہنچ گئی جہاں ڈھول کی تھاپ پرجشن منایا جا رہا ہے اور مٹھایاں تقسیم کی جارہی ہیں۔



علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان نیکلسن کو فون کیا اور آپریشن کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ پاک فوج کے سربراہ نے افغان سیکیورٹی فورسز کےکردار کو بھی سراہا۔

واضح رہے کہ 2013 کی انتخابی مہم کے دوران علی حیدر گیلانی کو انتخابات سے محض دو روز قبل 9 مئی کو ملتان سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

Load Next Story