پانامہ لیکس میں مونس الہیٰ کانام حکمرانوں نے ڈلوایا پرویزالہٰی کا دعویٰ

پانامہ لیکس اپوزیشن لیکر نہیں آئی یہ اللہ کی طرف سے آئی ہیں، پرویز الہی


ویب ڈیسک May 10, 2016
میڈیا پانامہ لیکس سے مونس کے پیسے واپس لے آئے میں میڈیا میں ہی بانٹ دوں گا، پرویز الہی:فوٹو:فائل

سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاناما لیکس میں مونس الہٰی تو کیا ہم میں سے کسی کا نام موجود نہیں۔

لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں مونس کانام حکمرانوں نے ڈلوایا ہے، ہم چیلنج کررہے ہیں پانامہ لیکس میں مونس الہٰی توکیا ہم میں سے کسی کا نام نہیں، نوازشریف کا میڈیا سیل جس میں ڈیلی ویجز پرلوگ کام کررہے ہیں وہ اس کے پس پردہ ہے، نواز شریف اور ان کا میڈیا سیل جتنی محنت کسی اور کا نام پاناما لیکس میں لکھوانے کے لیے کررہے ہی اتنی محنت اپنا نام نکلوانے کے لیے کریں۔

سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاناما لیکس اپوزیشن لے کر نہیں آئی یہ اللہ کی طرف سے آئی ہے، جن ممالک کے وزراء اعظم کے نام آئے انہوں نے استعفے دیئے اور ہم بھی یہی بات کررہے ہیں تاہم پاناما لیکس پر حکومت کی جانب سے کئے گئے اوچھے ہتھکنڈے سب کے سامنے آجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اپوزیشن کہ توجہ پاناما لیکس سے ہٹا کر انہیں کے نام ڈال دیئے جائیں لیکن پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پرانہوں نے خوشی کا اظہارکیا اورکہا کہ گیلانی صاحب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ کا شکر ہے کہ ان کا بیٹا خیرت سے گھر واپس آئے گا، جس نے بھی بازیابی میں کوشش اور محنت کی ہے انہوں نے بڑے ثواب کا کام کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔