گیلانی کوصدر کا بوسہ ’’کس آف ڈیتھ‘‘ ہے شاہ محمود

آئینی ترامیم کیلیے دو تہائی اکثریت لائی جاسکتی ہے تو سرائیکی صوبے کیلیے کیوں نہیں.


News Agencies November 18, 2012
پرویزاشرف کی طرف سے سوئس حکام کو خط لکھنے سے کیا بے نظیر کی قبر کا ٹرائل نہیں ہوگا؟۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کی سیاسی مداخلت سے انتخابات کی شفافیت متاثر ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر فوری نوٹس لیں، زرداری کا گیلانی کو بوسہ ''کس آف ڈیتھ'' تھا، سرائیکی صوبہ سیاسی شوشہ ہے ، حکمران جماعت اپنے مقاصد کے لئے18ویں، 19ویں اور20 ویں ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت لا سکتی ہے تو سرائیکی صوبے کے لیے دو تہائی اکثریت کیوں نہیں لائی جاسکتی، صدر پارٹی کارکنوںکو ناراض بھی خود کرتے اور منانے بھی چلے آتے ہیں، راجا پرویز اشرف کی طرف سے سوئس حکام کو خط لکھنے سے کیا بے نظیربھٹو کی قبر کا ٹرائل نہیں ہوگا؟۔

وہ ہفتے کو بوسن ٹاؤن ہال ملتان میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ صدر زرداری کے دورہ ملتان کی سمجھ نہیں آئی کیونکہ وہ ناراض بھی خود کرتے ہیں اور منانے بھی خود چلے آتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پرویزاشرف اگر خط لکھ سکتے ہیں تو گیلانی کیوں نہیں۔ اس وقت یہ کہا جاتا تھا کہ اس سے بے نظیر بھٹو کی قبر کا ٹرائل ہوگا تو کیا اب محترمہ کی قبر کا ٹرائل نہیں ہو گا۔

انھوں نے کہا صدر زرداری اب کہتے ہیں سرائیکی صوبے کے لیے دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ جب18ویں ، 19ویںاور 20ویں ترمیم لائی گئی تھی تو اس وقت دو تہائی اکثریت کہاں سے آئی تھی۔ اگر حکمران سنجیدہ ہیں تو اس مسئلے پر بھی ان کے لیے کوئی دشواری نہیں مگر کیونکہ یہ ایک سیاسی شوشہ تھا، الیکشن کو مد نظر کر چھوڑا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے واضح کہا ہے کہ صدر دو عہدے نہیں رکھ سکتے، مگر آصف زرداری ایوان صدر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صدر زرداری نے منڈی بہا الدین میں عید ملن کے نام سے سیاسی قوت کا مظاہر ہ کیاہے، وہاں ترقیاتی فنڈز اور نوکریاں دی گئی ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کی نظریں انتخابات پر لگی ہوئی ہیں وہ غیر جانبدارانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات چاہتی ہے، مگر صدر سیاست سے الگ نہ ہوئے تو انتخابات کی شفافیت متاثر ہوگی اور قوم نے نتائج تسلیم نہ کیے تو یہ ملک او ر جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ صدر زرداری کایوسف گیلانی کو بوسہ " کس آف ڈیتھ" ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں