حصص مارکیٹ 36265پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کاروباری حجم پیر کی نسبت 3.09 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ14 لاکھ 67 ہزار170 حصص کے سودے ہوئے

کاروباری حجم پیر کی نسبت 3.09 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ14 لاکھ 67 ہزار170 حصص کے سودے ہوئے فوٹو : فائل

لاہور:
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتارچڑھاؤ کے باوجود محدود پیمانے پر رونما ہونے والی تیزی کے باعث انڈیکس 36265 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، محدود تیزی کے سبب 49.32 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں تاہ، حصص کی مالیت میں 2 ارب27 کروڑ 39 لاکھ84 ہزار416 روپے کی کمی ہوئی۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ایم ایس سی آئی انڈیکس میں ممکنہ طور پرشامل ہونے والی کمپنیوں میں کریکشن کے باعث مارکیٹ اتار چڑھاؤ کی زد میں رہی جس سے ایک موقع پر105.48 پوائنٹس کی تیزی کے بعد198 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم ایل این جی درآمدکرنے والی گیس سپلائی کمپنیوں کے علاوہ سیمنٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کے سبب مارکیٹ میں محدود پیمانے پر تیزی ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس30.13 پوائنٹس بڑھ کر 36265.12، کے ایم آئی30 انڈیکس243.74 پوائنٹس کے اضافے سے63328.44 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 28.07 پوائنٹس بلند ہو کر 16769.20 ہوگیا جب کہ کے ایس ای 30 انڈیکس10.43 پوائنٹس کی کمی سے 21291.91 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 3.09 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ14 لاکھ 67 ہزار170 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار371 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں183 کے بھاؤ میں اضافہ، 165 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story