برطانوی پولیس نے ’’اللہ اکبر‘‘ کے غلط استعمال پر معافی مانگ لی

مانچسٹر پولیس کو دہشت گرد حملے سے متعلق مشق میں مسلمان کو ’’فرضی دہشت گرد‘‘ دکھانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔


ویب ڈیسک May 11, 2016
مانچسٹر پولیس کو دہشت گرد حملے سے متعلق مشق میں مسلمان کو ’’فرضی دہشت گرد‘‘ دکھانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو:فائل

یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ مغربی میڈیا اور سیاستدان دہشت گردوں کا تعلق کسی بھی طرح اسلام سے جوڑنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں اور اسی سے جڑا ایک واقعہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں پیش آیا جب ایک ''فرضی دہشت گرد'' کو مسلمان دکھایا گیا۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی پولیس نے عوام کو دہشت گرد حملے کے ممکنہ خطرات سے بچانے کے لئے ایک مشق کی جس میں مذہبی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوے فرضی دہشت گرد کو مسلمان دکھایا گیا جو اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہوئے خود کش دھماکا کرتا ہے۔ اس مشق کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے 800 رضاکاروں کی مدد حاصل کی گئی۔

مشق رات کے وقت کی گئی جس میں دکھایا گیا کہ کالے لباس میں ملبوس ایک شخص زور سے کچھ کہتا ہوا ایک شاپنگ سینٹر میں داخل ہوتا ہے اور ایک دھماکہ ہو جاتا ہے۔ دھماکے کے بعد لوگ فرش پر گر جاتے ہیں، اکثر نے ایسا تاثر دیا کہ جیسے انھیں بہت زیادہ زخم آئے ہیں اور دوسرے چلاتے رہے جیسے شدید تکلیف میں ہوں۔



مانچیسٹر میں امن کے لیے کام کرنے والی سرگرم کارکن ڈاکٹر ایرنما بیل کی جانب سے 'مسلم دہشت گرد' کے استعمال پر پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کوئی بھی ہو سکتا ہے لہذا ہمیں پرانے اور گھسے پٹے تصورات سے باہر نکلنا چاہیئے۔

مانچسٹر پولیس کے نائب چیف گیری شیوان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مشق وقت کی ضرورت ہے جس کا پس منظر انتہا پسند داعش کی طرح کی تنظیم کے فرضی حملے پر مبنی تھا اور اس مشق کو ترتیب دینے والوں نے ویسے ہی حالات تصور کیے تھے جیسے اس قسم کے حملوں کے دوران ہوتے ہیں۔

گیری شیوان کا کہنا تھا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ فرضی خود کش بم حملے سے فوری پہلے کسی قسم کے مذہبی جملے کا استعمال ناقابلِ قبول ہے، جو واضح طور پر اس مشق کو اسلام سے جوڑ دیتا ہے اوراہم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پیدا ہونے والی کسی قسم کے تکلیف پر معافی مانگتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں