افغانستان سے بازیاب علی حیدر گیلانی 3 سال بعد اپنے گھر پہنچ گئے

ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظردیکھے گئے، ماں اور اہلیہ نے علی حیدر کو گلے سے لگالیا۔


ویب ڈیسک May 11, 2016
ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظردیکھے گئے، ماں اور اہلیہ نے علی حیدر کو گلے سے لگالیا۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان سے بازیاب ہونے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی 3 سال بعد لاہور پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں کابل ایئرپورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ علی حیدر گیلانی کے بھائی، رشتہ دار اور کمسن بیٹا اپنے والد کا انتظار کرتا رہا اورجب علی حیدر نے اپنے 4 سالہ کمسن بیٹے جمال گیلانی کو دیکھا تو اسے گلے سے لگا لیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں پیشی کے باعث ایئرپورٹ نہ جاسکے جب کہ والدہ بیماری کی وجہ سے بیٹے کا استقبال کرنے ایئرپورٹ نہیں گئیں۔

علی حیدر گیلانی سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائشگاہ پہنچے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، گھر میں داخل ہونے کے بعد علی حیدر اپنی والدہ کے سینے سے لگ گئے اور دونوں ماں بیٹے خوشی کے مارے روتے رہے۔ لاہوراور ملتان میں گیلانی ہاؤس کے باہر بھی جیالوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جب کہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے کارکنان خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

اس سے قبل علی حیدر گیلانی کے ہم شکل بھائی علی قاسم گیلانی ان کو لینے کابل ایئرپورٹ پہنچے جہاں افغان حکام نے علی حیدرگیلانی کو پاکستانی سفیر کے حوالے کیا جس کے بعد وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں علی حیدر گیلانی کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔



واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو عام انتخابات سے دو روز قبل 9 مئی 2013 کو انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا جب کہ افغانستان اور نیٹو فورسز نے افغان صوبے غزنی میں کارروائی کرتے ہوئے علی حیدرگیلانی کو بازیاب کرایا تھا جب کہ افغان سفیر نے اس حوالے سے بذریعہ فون سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کل صبح 11 بجے آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |