شادی شوبز سے دور بولی وڈ اسٹارز اور ان کے ’’غیرفلمی‘‘ جیون ساتھی

شاہد کپور کا شمار ان ایکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے کے لیے بڑی سخت محنت کی۔

شاہد کپور کا شمار ان ایکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے کے لیے بڑی سخت محنت کی۔ :فوٹو : فائل

فلمی ستاروں کا آپس میں شادی کر لینا ایک عام بات ہے، لیکن کچھ فلمی اسٹار ایسے بھی ہیں جن کے جیون ساتھی کا تعلق شوبز کی رنگارنگ دنیا سے نہیں۔ ان میں کئی شادیاں ارینج تھیں تو کئی دوستوں کے ذریعے ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے میں طے پائیں۔ بولی وڈ کے ان چمکتے اور کام یاب ستاروں نے غیرفلمی شریک حیات کا انتخاب کر کے سب کو حیران کردیا، کیوںکہ ان سب کا کسی نہ کسی ساتھی فن کار سے افیئر رہا ہے۔ کچھ کے تعلقات تو اس حد تک جا چکے تھے کہ ہر کوئی ان کی شادی کی خبر کسی بھی وقت سننے کے لیے تیار بیٹھا تھا۔ ان میں جان ابراہام اور بپاشا باسو کا نام قابل ذکر ہے۔ دیکھیے بولی وڈ کے کن فن کاروں نے شو بز سے باہر اپنا جیون ساتھی ڈھونڈا۔

٭شاہد کپور اور میرا راجپوت: شاہد کپور کا شمار ان ایکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے کے لیے بڑی سخت محنت کی۔ ان کی پہلی فلم عشق وشق کی کام یابی کے بعد ان کے کریڈٹ پر کام یاب فلموں کا تناسب کم ہی رہا، لیکن گذشتہ سال ریلیز ہونے والی حیدر کی بے مثال کام یابی اور شاہد کے لازوال کردار نے انہیں بہترین اداکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ شاہد کپور کا نام انڈسٹری کی کچھ ہیروئنز کے ساتھ بھی جوڑا گیا، جن میں امرتا راؤ، کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑہ شامل ہیں۔

کرینہ سے شاہد کا افیئر تقریباً پانچ سال تک رہا۔ سب یہ ہی سمجھتے رہے کہ اتنے لمبے عرصے تک ساتھ رہنے کے بعد اب وہ شادی کرلیں گے، لیکن اچانک ہی انہوں نے اپنے راستے بدل لیے۔ 2015 میں دہلی سے تعلق رکھنے والی میرا راجپوت سے شادی کرکے شاہد نے سب کو حیران کردیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی شادی کی خبر آتے ہی شاہد کے مداح ان کی بیوی کے بارے میں جاننے کی خواہش کرنے لگے تھے۔ کرینہ سے بریک اپ کے بعد شاہد واضح طور پر کہہ چکے تھے کہ وہ کسی فلمی اداکارہ سے شادی نہیں کریں گے۔ میرا راجپوت سے ان کی ملاقات ایک مذہبی تقریب میں ہوئی، جہاں انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا اور پسند کرکے شادی کرلی۔ حالاںکہ میرا اور شاہد کی عمروں میں تیرہ سال کا فرق ہونے کے ساتھ مذہب کا فرق بھی ہے، اس کے باوجود اب تک وہ مطمئن زندگی گزار رہے ہیں۔

٭منیشا لامبا اور ریان تھیم: منیشا لامبا بولی وڈ کی جانی پہچانی اداکارہ ہیں۔ انہوں نے بہت کم کام کیا اور ان کہ وجہ شہرت فلم بچنا اے حسینوں بنی، جس میں انہوں نے رنبیرکپور کے ساتھ لیڈ رول کیا تھا۔ منیشا لامبا نے اپنے دوست ریان تھیم، جو کہ ممبئی میں ایک نائٹ کلب کے مالک ہیں، سے 2015 میں دھوم دھام سے شادی کی۔ منیشا کی شادی دوسروں کے لیے اس لیے حیران کُن نہیں تھی کیوںکہ ریان سے ان کی منگنی کی پورے بولی وڈ کو خبر تھی۔

٭جان ابراہام اور پریا رانچل: جان ابراہام اپنی مردانہ وجاہت اور چہرے پر پڑنے والے ڈمپل کی وجہ سے لڑکیوں میں بہت مقبول ہیں۔ فلمی دنیا میں آنے سے پہلے وہ ٹاپ کلاس ماڈل تھے اور تب ہی سے ان کی دوستی اداکارہ بپا شاباسو سے تھی۔ بپاشا سے جان کے تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہ تھے اور وہ ہر جگہ بر ملا اپنے تعلق کا اعتراف کرتے اور جلد شادی کرنے کی خبر دیتے، لیکن اچانک ان کی اتنی طویل محبت نے دم توڑ دیا اور دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔ اس بریک اپ کے بعد جان ابراہام نے بینکر اور معاشی تجزیہ نگار پریا رانچل سے شادی کرلی۔ اس معاملے میں رازداری برتی گئی اور کوشش کی گئی کہ میڈیا کو اس کی بھنک بھی نہ مل سکے، لیکن اچانک ان کی شادی کا اعلان ٹوئٹر پر کردیا گیا۔ جان کے قریبی ذرائع کے مطابق پریا دوستانہ مزاج کی حامل لڑکی ہے، جس کا کام اور شعبہ معیشت ہے، اس لیے اسے فلم انڈسٹری اور یہاں کے لوگوں کے بارے میں زیادہ علم بھی نہیں۔

٭عمران خان اور اوینٹکا ملک: عامر خان کے بھانجے عمران خان انڈسٹری میں اپنے ماموں جیسا نام تو نہیں کما سکے لیکن انہوں ایک اچھے اداکار کی پہچان ضرور بنالی ہے۔ عمران نے اپنی منگیتر اوینٹکا سے 2011میں شادی کی۔ ان دونوں کی پہلی ملاقات لاس اینجلس میں ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ عمران ان دنوں ایکٹنگ کی تربیت کے لیے لاس اینجلس میں مقیم تھے۔ پارٹی میں ہونے والی یہ ملاقات گہری دوستی اور محبت مین بدل گئی اور ان ہی دنوں ان دونوں کے خاندان کی رضامندی سے ان کی منگنی کردی گئی۔ اوینٹکا کا تعلق بینکنگ میں فنانس کے شعبے سے ہے۔ عمران اور اوینٹکا کی ایک بیٹی ہے اور وہ دونوں آسودہ زندگی گزرا رہے ہیں۔ اوینٹکا کی فلم انڈسٹری میں دل چسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔


٭ایوشمان کھرانہ اور طاہرہ کیشپ: پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایوشمان کھرانہ نے اپنے کیریر کی ابتدا ٹی وی سے بہ طور وی جے کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ماڈلنگ کی اور پھر ان کی فلم انڈسٹری میں انٹری ہوئی۔ ایوشمان نے اپنے منفرد انداز سے اپنی الگ پہچان بنائی۔ ان کا شمار اب منجھے ہوئے فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔ ایوشمان نے اپنے بچپن کی منگیتر طاہرہ سے محبت کی شادی کی اور وہ چندی گڑھ سے مستقل ممبئی منتقل ہوگئے، جہاں ایوشمان اور طاہرہ اپنے دو بیٹوں کے ساتھ مزے کی زندگی گزار رہے ہیں۔ طاہرہ مکمل طور پر ایک گھریلو عورت ہیں، لیکن انہیں اپنے شوہر کا فلموں میں کام کرنا اچھا لگتا ہے۔

٭عمران ہاشمی اور پروین: پروڈیوسر، ڈائریکٹر مہیش بھٹ کے بھانجے عمران ہاشمی کا شمار ایسے اداکاروں میں کیا جاتا ہے، جو لگے بندھے انداز سے کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔ ان کے کسی بھی کردار میں کوئی انفرادیت یا چونکا دینے والی چیز نظر نہیں آتی۔ اس لیے شاید اب انہوں نے کام کرنا بھی کم کردیا ہے۔ اسکرین پر ہیروئن کے ساتھ بولڈ انداز میں کام کرنے والے عمران ہاشمی کی شادی سب ہی کے لیے حیران کن تھی کہ فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے ہی وہ شادی کر چکے تھے۔ ان کی بیوی پروین سے ان کا چھے سال تک افیئر چلا تھا، جو بعدازاں شادی میں تبدیل ہوگیا۔ پروین کو عمران کا فلموں میں کام کرنا سخت ناپسند ہے۔ خاص طور پر وہ ان کے رومانوی سین بالکل برداشت نہیں کر پاتیں۔ اس لیے کبھی کبھار ان کے درمیان تلخی بھی پیدا ہوجاتی ہے۔ ان کا ایک بیٹا آیان ہے۔

٭مادھوری ڈکشٹ اور ڈاکٹر رام نینے: پُرکشش اور حسین اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کی شادی کے حوالے سے خبریں گردش کرتی رہتی تھیں۔ مادھوری نے اپنے عروج کے دور میں تقریباً ہر اداکار کے ساتھ کام کیا، لیکن انہیں انیل کپور اور سنجے دت کے ساتھ سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔ ایک وقت تھا کہ مادھوری اور سنجو بابا کا رومانس انڈسٹری میں زبان زد عام تھا اور شنید تھی کہ بہت جلد یہ دونوں شادی کرلیں گے، لیکن سنجے دت کے جیل چلے جانے کے بعد مادھوری نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا اور بہت جلد اپنی فیملی کے کہنے پر امریکا میں مقیم ڈاکٹر رام نینے سے شادی رچالی اور شادی کے بعد مستقل طور پر امریکا میں سکونت اختیار کرلی۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔

٭جوہی چاولہ اور جے مہتا: بہت کم عرصے کے لیے عروج کا دور دیکھنے والی اداکارہ جوہی چاولہ نے ہر قسم کے رول کیے، لیکن ان کے چہرے کی مخصوص معصومیت اور دل موہ لینے والی مسکراہٹ کی وجہ سے ان کے ہر کردار میں فلم بینوں کو یکسانیت نظر آئی۔ اپنے عروج کے دور میں ہی جوہی نے جے مہتا سے شادی کرلی تھی۔ جے سے ان کی ملاقات فلم ڈائریکٹر راکیش روشن نے کرائی تھی، جب ایک فلائٹ میں وہ جوہی کے ساتھ اپنی فلم کاروبار کی شوٹنگ کے لیے افریقہ جا رہے تھے۔ اسی فلائٹ میں راکیش روشن نے جے اور جوہی کو ایک دوسرے متعارف کرایا۔ چند ملاقاتوں کے بعد ان دونوں نے شادی کرلی۔ جے ایک بزنس مین ہیں اور ان کا بزنس انڈیا کے ساتھ اسپین، افریقہ، ملائیشیا اور امریکا تک پھیلا ہوا ہے۔

٭روینہ ٹنڈن اور انیل تھادانی: روینہ نے ہر کردار میں خود کو ایک پروفینشل اداکارہ ثابت کیا۔ فلم پتھر کے پھول سے سلمان خان کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی روینہ کے کریڈٹ پر چند بہت اچھی فلمیں بھی ہیں۔ انڈسٹری میں روینہ کی ایک وجہ شہرت اکشے کمار بھی تھے، جن کے ساتھ ان کا دھواں دار قسم کا افیئر چلا تھا۔ دونوں نے منگنی بھی کرلی تھی، لیکن پھر اکشے کی زندگی میں ٹوئنکل آگئی اور اکشے نے روینہ کو چھوڑ دیا۔ انیل تھادانی سے روینہ کی ملاقات ان کی فلم اسٹمپڈ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، جہاں انیل نے انہیں شادی کی پیش کش کی۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔

٭فردین خان اور نتاشہ: فیروز خان کے بیٹے فردین انڈسٹری میں کوئی خاص مقام حاصل نہ کر سکے۔ ان کے لگے بندھے انداز نے انہیں آگے بڑھنے ہی نہ دیا اور بدقسمتی سے ان کی فلمیں فلاپ ہوتی چلی گئیں۔ فردین نے اب فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ ان کی شادی ماضی کی مشہور اداکارہ ممتاز کی بیٹی نتاشہ سے ہوئی۔ نتاشہ کو فلموں کا کوئی شوق نہیں اور وہ بھی یہ ہی چاہتی ہیں کہ فردین فلموں میں اب مزید کام نہ کریں۔
Load Next Story