کراچی سمیت ملک بھرمیں سانحہ 12 مئی کیخلاف وکلا کا عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ

وکلا آج صوبےبھرمیں عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے جب کہ سانحے کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے، صدرکراچی بار


ویب ڈیسک May 12, 2016
حیدر آباد میں بھی سندھ بار کونسل کی اپیل پر وکلا کا عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائی کاٹ کرے گی۔ فوٹو:فائل

ملک بھر کے وکلا 12 مئی 2007 کو کراچی میں ہونے والے پر تشدد واقعات کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں جب کہ اس موقع پر عدالتی کارروائیوں کا بھی بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ 12 مئی کے خلاف آج ملک بھرمیں وکلا کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ جاری ہے، صدر کراچی بار ایسوسی ایشن محمود الحسن کا کہنا ہے کہ سندھ اورکراچی بارایسوسی ایشنز کی اپیل پر بائیکاٹ کیا جارہا ہے اور کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوگا، سانحہ 12 مئی کے خلاف وکلاء اور سیاسی جماعتیں احتجاجی اجلاس اور جلسے منعقد کریں گی جب کہ سانحہ 12 مئی کے حوالے سے کراچی بار ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

سانحے کے خلاف آج اسلام آباد بارمکمل ہڑتال کررہی ہے جب کہ حیدرآباد میں بھی سندھ بار کونسل کی اپیل پر وکلا کا عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائی کاٹ جاری ہے اورہائیکورٹ، سیشن کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی۔ ملتان میں بھی وکلاء آج عدالتی امورکا بائیکاٹ کررہے ہیں،صدر بلوچستان باربلال انورکاسی کا کہنا ہے کہ وکلا آج صوبے بھرمیں عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے جب کہ سانحے کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

سانحہ 12 مئی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا کراچی کے پیپلزسیکریٹریٹ میں اجلاس ہوگا جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے 12 مئی کی مناسبت سے باچا خان مرکز بنارس پرجلسے کا اہتمام کیا گیا ہے اسی طرح جماعتِ اسلامی کے تحت سانحہ 12 مئی پرآل پارٹیز کانفرنس ادارہ نورِ حق میں منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معزولی کے بعد کراچی پہنچنے پر شہربھر میں ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں