غزہ پر اسرائیلی حملے 5 ویں روز بھی جاری شہید فلسطینیوں کی تعداد 62 ہوگئی

اسرائیل نے حماس کے ٹی وی اسٹیشن القدس کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 صحافی زخمی ہوئے۔


ویب ڈیسک November 18, 2012
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابط کیا اور تشدد کے جلد خاتمے پر زور دیا۔ فوٹو : اے ایف پی

SWAT: اسرائیل کےغزہ پر حملوں کا سلسلہ پانچویں روزبھی جاری ہے جس کے نتییجے میں اب تک 62 فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری ہے ۔ اسرائیل نے فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں سے بھی غزہ میں میزائل داغے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب غزہ میں ایک درجن سے زیادہ دھماکے سنائی دیے۔ اسرائیل نے حماس کے ٹی وی اسٹیشن القدس کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 صحافی زخمی ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں اور ادویات کی شدید قلت ہے ۔


اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے راکٹ حملوں کو بند کرنے کے لیے اب بھی غزہ میں سیکڑوں اہداف ایسے ہیں جن کو نشانہ بنانا باقی ہے۔ اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں سے حماس کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ لیکن حماس کی عسکری صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے زمینی کارروائی ضروری ہے۔ اسرائیل کے وزیر داخلہ ایلی یشئی نے اسرائیلی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ''آپریشن پلر آف ڈیفنس'' کا مقصد غزہ کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیجنا ہے۔


دوسری جانب عرب لیگ کے قاہرہ میں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ایک نمائندہ وفد غزہ کے دورے پر بھجوانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی قیادت عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی کریں گے۔ اس وفد کے دورے کا مقصد غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی کا جائزہ لینا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں