وزیراعظم نے 7سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو ایوان میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا متحدہ اپوزیشن

وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کے سوالات پر بولنے کا پورا وقت دیا جائے گا،متحدہ اپوزیشن

ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم پاناما لیکس پر اپنا نام کلئیر کریں کیوں کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام آیا ہے،اعتزازاحسن فوٹو : فائل

اپوزيشن جماعتوں نے قومی اسمبلی كے اجلاس ميں وزيراعظم كی جانب سے پاناما ليكس سے متعلق معاملات بارے اپوزيشن كے سوالنامے كا جواب دينے كيلئے خطاب كے موقع پر حكمت عملی تيار كرلی جس میں متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم نے 7 سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو ایوان میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔



ایکسپریس نیوزکے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ عوامی اور دیگر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر متحدہ اپوزیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کو کل ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کے سوالات پر بولنے کا پورا وقت دیا جائے گا اور اگر وزیراعظم نے اپوزیشن کے سوالات پر تسلی بخش جواب نہ دیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔




اجلاس کے دوران اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم پاناما لیکس پراپنا نام کلئیر کریں کیوں کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام آیا ہے اور اس سے ملک کی بہت بدنامی ہورہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم تمام الزامات کا جواب دیں جس کے لئے اپوزیشن نے ان کی آسانی کے لئے 7 سوال بھجوا دیئے ہیں۔



دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کا 3 رکنی وفد جس میں شیریں مزاری، طارق بشیر چیمہ اوراعجازجاکھرانی آج اسپیکرقومی اسمبلی کے چیمبر میں جاکر وزیراعظم کے ایوان میں آمد کے بعد اپوزیشن کو بات کا موقع دینے سے متعلق امور پربات کرے گا۔

Load Next Story