حسینہ عالم شانزے حیات کا پاکستان سے فنی سفرشروع کرنے کا اعلان

 بالی وڈ میں مناسب کردارنہ ملنے کی وجہ سے آفرقبول نہیں کی، پاکستان میں اب بہت اچھی فلمیں بننے لگی ہیں


Qaiser Iftikhar May 13, 2016
فلم انڈسٹری کو بالی وڈ کی طرح مقابلہ حسن جیتنے والی حسیناؤں کی خدمات حاصل کرنا ہونگی،ایکسپریس سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

امریکا میں مس پاکستان ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے والی خوبروحسینہ شانزے حیات نے بالی وڈ کے ساتھ پاکستان میں معیاری فلموں کے ذریعے فنی سفر شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شانزے کا کہنا تھا کہ 2002 ء میں پہلی مرتبہ کینیڈا میں ''مس پاکستان ورلڈ'' کے مقابلے کا انعقاد کیا تھا توسوچا نہ تھا کہ ایک دن اس کی شہرت دنیا بھرمیں ہونے لگے گی اورنوجوان لڑکے اورلڑکیاں اس کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہوں گے مگر وقت گزرتا گیا اورملنے والے رسپانس کے بعد میں نے بھی اس میں حصہ لیا اور کامیابی اپنے نام کی۔ میرے بعد بھی کچھ حسینائیں اس ٹائٹل کو جیت چکی ہیں لیکن اب میں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ میں باقاعدہ طور پر ایکٹنگ کے شعبے میں کام کروں گی۔

مجھے آفرز توبہت دیر سے ہورہی ہیں مگر اب میں نے سنجیدگی سے اچھی آفرز کو رسپانس دینا شروع کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ سے مجھے بیشترآفرزمل چکی ہیں لیکن میں نے مناسب کردارنہ ملنے کی وجہ سے کسی بھی آفرکوقبول نہ کیا تھا مگر اب ایک اچھا کردار مجھے مل رہا ہے جس کوسائن کرنے کے لیے میں نے اپنے قریبی حلقوںسے مشاورت شروع کردی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شانزے نے کہا کہ پاکستان میں اچھی فلمیں بننے لگی ہیں اورمیں اب پاکستان میں بھی کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔ اس سلسلہ میں میری پہلی ترجیح فلم ہی ہوگی اس کے بعد اگرڈرامہ میں کوئی اچھا کردارملا توضرور کام کروں گی۔ انھوں نے کہاکہ جس طرح بالی وڈ نے عالمی مقابلہ حسن جیتنے والی حسیناؤں کو اپنی فلموں کا حصہ بنا کر انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی حاصل کی اسی طرح پاکستان فلم انڈسٹری کی پروموشن اور انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کے لیے فلم میکرز کو بھی مقابلہ حسن کے ٹائٹل اپنے نام کرنے والی حسیناؤں کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی کیونکہ یہ حسینائیں خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ ایکٹنگ اور رقص پر بھی خوب مہارت رکھتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں