این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخاب کا فیصلہ کالعدم ن لیگی رہنما کی رکنیت بحال

سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے (ن) لیگ کے سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔


ویب ڈیسک May 13, 2016
الیکشن ٹریبونل نے 18 جولائی 2014 کو حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: فائل

لاہور: سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخابات کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این اے 176 مظفر گڑھ میں دوبارہ انتخاب کے فیصلے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس اقبال حمید الرحمان نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلطان ہنجروا کی رکنیت بحال کردی۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 176 سے مسلم لیگ (ن) کے سلطان ہنجروا کامیاب قرار پائے تھے جسے فنکشنل لیگ کے مصطفی کھر نے چیلنج کیا تھا۔ الیکشن ٹریبونل نے مصطفیٰ کھر کی درخواست پر 18 جولائی 2014 کو (ن) لیگی رہنما کی رکنیت معطل کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے 21 اپریل کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں