پاناما لیکس پر انصاف نہ ملا تو ملک کی سب سے بڑی تحریک چلائیں گے عمران خان

برطانوی شہری نہ ہونے کی حیثیت سے آف شور فلیٹ خریدا تھا جو میرا حق تھا، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 13, 2016
چیرمین تحریک انصاف کا پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان۔ فوٹو؛ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر فیصلے کریں گے لیکن انصاف نہ ملا تو پاکستان کی سب سے بڑی تحریک چلائیں گے۔

لندن پہنچنے کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ یکطرفہ ٹی او آرز قبول نہیں کرے گی جب کہ ہم اس معاملے پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر فیصلے کریں گے لیکن انصاف نہ ملا تو پاکستان کی سب سے بڑی تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور ان کی فیملی پاکستان کو تباہ کررہی ہے، ہم نے باہر کمائی کی اور پیسہ ملک لے کر آئے جب کہ اوورسیزپاکستانی بھی اربوں روپے پاکستان بھیجتے ہیں لیکن نواز شریف کے بیٹے پاکستان سے پیسے بیرون ملک لےجاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف مغل اعظم بننے کی کوشش نہ کریں اور یہ بتائیں کہ لندن میں جائیداد خریدنے کے لیے پیسے کہاں سےلائے۔ ایک سوال کے جواب میں چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں اپنے تمام اثاثے ڈکلیر کرچکا ہوں اور جائیداد کی تفصیلات بھی بتاچکا ہوں جب کہ برطانیہ میں جو فلیٹ خریدے تھے وہ کاؤنٹی کرکٹ کے پیسے سے خریدے تھے کیونکہ میں اس وقت 2 کاؤنٹیز کے لیے کرکٹ کھیلتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ میں برطانیہ کا شہری نہیں تھا اس لیے میرے اکاؤنٹنٹ نے مجھے بتایا کہ اگر فلیٹ اپنے نام پر لیا تو پورا ٹیکس دینا پڑے گا اس لیے برطانیہ میں آف شور کمپنی بناؤں جو 1983 میں قائم کی اور اسی کمنپی کے تحت آف شور فلیٹ خریدا جو میرا حق تھا کیونکہ مجھے برطانیہ میں پورا ٹیکس نہیں دینا تھا اگر فلیٹ اپنے نام پر رکھتا تو وہاں ٹیکس دینا پڑتا اس لیے آف شور فلیٹ خریدا جسے کبھی نہیں چھپایا، میری آف شور کمپنی جائز تھی۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرا تمام پیسہ ڈکلیئر تھا اور فلیٹ بھی ڈکلیئر تھا، میری آف شور کمپنی بھی جائز تھی، اس میں کوئی غیر قانونی نہیں، میں یہ سارا پیسا پاکستان لے کر گیا اور آج وہ سب میرے نام پر ہے، جو لوگ چھپا کر اور منی لانڈرنگ کرکے پیسہ لے کر گئے وہ جرم تھا لیکن میں نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے بتایا کہ وہ پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں