وزیر داخلہ نے اسلحہ لائسنس کی تجدید کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کردی

وزارت داخلہ کے اجلاس میں ای پاسپورٹ شروع کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔


ویب ڈیسک May 14, 2016
وزارت داخلہ کے اجلاس میں ای پاسپورٹ شروع کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔ فوٹو: آئی این پی

وزیرداخلہ چوہدری نثارنے مینوئل اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو اپنے لائسنس کی تجدید کے لیے آخری بار 6 ماہ کی توسیع دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ ای پاسپورٹ شروع کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، خصوصی سیکریٹری داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسلحہ کی تجدید کی مہم ختم ہونے پر ایک لاکھ 80 ہزار اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرائے گئے یا ان کی وزارت داخلہ سے تصدیق کی گئی جب کہ اس مہم کے دوران 8 ہزار سے زائد اسلحہ لائسنس جعلی نکلے۔

وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ جعلی لائسنس رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے اور ایف آئی اے اس کی تفصیلی انکوائری کا انعقاد کرے، تجدید نو کے عمل میں بیوروکریسی کے طرز عمل کی مشکلات کو ختم کریں جب کہ عوام کی آگاہی کے لیے فعال میڈیا مہم شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفری دستاویز ات کے غلط استعمال اور اس میں رد وبدل سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بڑا نقصان پہنچا ہے جو کہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔

چوہدری نثارنے کہا کہ ہم ای پاسپورٹ متعارف کروا کر پاکستان سے انسانی اسمگلنگ کی لعنت کا خاتمہ چاہتے ہیں جوکہ ایک بین الاقوامی مسافروں کے لیے مستقبل میں نئی ڈیجیٹل دستاویز ہو گی۔ اس موقع پر ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹس نے اجلاس کو ای پاسپورٹ کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے بتایا کہ ہر ای پاسپورٹ پر نصب مائیکرو چپ سے مسافر کی مستند نشاندہی میں مدد ملے گی جب کہ ای پاسپورٹ میں ترمیم کے ذریعے پاسپورٹ حکام اور پاکستانی امیگریشن کاعملہ مزید درکار اطلاعات شامل کر سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں