کراچی عباس ٹاؤن میں دھماکا 2 افراد جاں بحق 15 زخمی

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب تھا اور اس میں 2 سے 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔


ویب ڈیسک November 18, 2012
دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بھی منقطع ہوگئی۔ فوٹو: پی پی آئی

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع عباس ٹاؤن میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا امام بارگاہ کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی جس سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا جب کہ بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی ہے۔ ایمبولنس اور سکیورٹی ادارے دھماکے کی جگہ پر روانہ ہوچکے ہیں لیکن بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب تھا اور اس میں 2 سے 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ زخمیوں کو علاقے کے قریب واقع پٹیل اسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن بعد ازاں کئی زخمیوں کو آغا خان اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت اظہر حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ رونما ہونے کے بعد ابو الحسن اصفہانی روڈ کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔

مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان کے مطابق لوڈشیدنگ کی وجہ سے سیکیورٹی میں کوتاہی ہوئی جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا اور امام بارگاہ میں مجلس کے وقت بجلی بھی نہیں تھی۔

ایس ایس پی سی آئی دی چوہدری اسلم نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا لیکن مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد بتائی جائیں گی کیونکہ ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر پاکستان نے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں