آف اسٹمپ سے باہر کی گیندوں پر ہوشیار رہنا ظہیر کا پلیئرز کو مشورہ

انگلینڈ میں پاکستانی کھلاڑی صلاحیتوں کے مطابق کھیلے توبہترنتائج سامنے آئیں گے، سابق ٹیسٹ کپتان


Sports Reporter May 14, 2016
کاکول میں ٹریننگ کا فائدہ ہوگا، محمد عامر کا ویزا آئی سی سی کا مسئلہ نہیں ہے فوٹو: فائل

ظہیر عباس نے دورہ انگلینڈ میں آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں پر ہوشیار رہنے کا مشورہ دیدیا، سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں، پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو بہتر نتائج سامنے آ سکتے ہیں، مشکل ٹور میں فٹنس کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین بریڈمین ظہیر عباس نے اپنے دور عروج میں انگلینڈ کے خلاف رنز کے ڈھیر لگائے، اب پاکستانی ٹیم کو جولائی میں وہاں کا ٹور کرنا ہے، لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے ٹور کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا لیکن وہاں رنز بنانے کیلیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے، میزبان بولرز آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں سے پریشان کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان سے ہوشیار رہتے ہوئے کریز پر قیام کیا جائے تو رنز بنائے جا سکتے ہیں۔

سابق قومی کپتان نے کہا کہ اگر پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے، مشکل ٹور میں فٹنس کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، کاکول میں ٹریننگ کا فائدہ ہوگا، کھلاڑی فٹ ہوئے تو تینوں فارمیٹ میں عمدہ پرفارم کریں گے، ماحول سے ہم آہنگی کیلیے 2 ہفتے قبل انگلینڈ میں کیمپ لگانا پی سی بی کا اچھا فیصلہ ہے۔

اس اقدام سے کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر سخت چیلنجز کیلیے تیار ہوجائیں گے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ ڈسپلن کے بغیر کوئی ٹیم نہیں جیت سکتی،کوئی بھی کھلاڑی ہو پی سی بی کو چاہیے کہ نظم و ضبط کو ترجیح دے، محمد عامر کے ویزے میں معاونت کیلیے پی سی بی نے کونسل سے رابطہ نہیں کیا، یہ ہمارا مسئلہ بھی نہیں ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ آئی سی سی کی صدارت ختم کرنے کا فیصلہ تمام ارکان اور متعلقہ حکام کو اعتماد میں لے کر کیا گیا، یہ سب کیلیے قابل قبول ہے جس پر میں بھی مطمئن ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔