پاناما لیکس قدرت کا تحفہ ہے جس میں کچھ لوگ ابھی اور کچھ آگے پکڑے جائیں گے صدر ممنون حسین

وقت آ گیا ہے كہ کرپشن میں ملوث لوگوں كو پكڑا جائے، صدر مملکت کا تقریب سے خطاب

وقت آ گیا ہے كہ کرپشن میں ملوث لوگوں كو پكڑا جائے، صدر مملکت کا تقریب سے خطاب، فوٹو؛ فائل

صدر مملكت ممنون حسین نے كہا ہے كہ پاناما لیكس كا معاملہ قدرت كا تحفہ ہے جس میں كچھ لوگ ابھی اور كچھ لوگ ایك سال كے دوران پكڑے جائیں گے۔



كوٹری ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (كاٹی ) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا کہ ملك بھر میں امن و امان كنٹرول میں ہے اور حكومت نے نیشنل ایكشن پلان پر توجہ دیتے ہوئے دہشت گردی كا سماج سے خاتمہ كردیا ہے جب كہ قومی ترقی میں كردار ادا كرنے كے لیے قوم فوج كا ساتھ دے تا كہ بدامنی كے ناسور كا خاتمہ كیا جاسكے۔




صدر مملکت نے کہا کہ بجلی كی پیداوار كے كئی منصوبوں پر كام جاری ہے اور 2018 تك توانائی بحران پر قابو پالیا جائے گا جب کہ صنعت كار بھی ملكی ترقی میں اپنا كردار ادا كریں كیونكہ باتوں سے كام نہیں چلے گا، اپنے مسائل كے حل كے لیے خود باگ دوڑ كی جائے۔ ممنون حسین نے مزید كہا كہ جلد ملك ترقی كی طرف گامزن ہونے والا ہے، لاہور تا كراچی موٹروے منصوبہ یہاں كی تقدیر بدل دے گا۔



صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاناما لیكس كا معاملہ قدرت كی طرف سے لگتا ہے جس میں كچھ لوگ ابھی اور كچھ سال بعد پكڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں كرپٹ اور بدعنوان افراد موجود ہیں، كرپٹ اور بدعنوان افراد نے میرٹ كا خاتمہ كردیا ہے، كچھ كرپٹ افراد كے چہرے تك منحوس ہوتے ہیں اور ایسے بے ایمان لوگوں کو لوگ رشتہ بھی نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ كئی بڑے بڑے افراد نے كرپشن كا میدان مارا ہے اور اب وہ وقت آ گیا ہے كہ ایسے لوگوں كو پكڑا جائے۔

Load Next Story