جناح پارک پشاور سے صوبے کا سب سے بڑا قومی پرچم غائب

پرچم کے ساتھ نصب قیمتی مشینری زنگ آلود اور اس کی دیکھ بھال پر تعینات 4 ملازمین بھی غائب ہیں


ویب ڈیسک May 15, 2016
جناح پارک پشاور میں لگائے گئے پرچم کی لمبائی 185 فٹ جبکہ اس کے تیاری میں 36 لاکھ روپے لاگت آئی تھی، فوٹو : فائل

گزشتہ دور حکومت میں جناح پارک پشاور میں 36 لاکھ روپے کی لاگت سے لگایا خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا پرچم غائب کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں پشاور کے جناح پارک میں لگایا گیا 185 فٹ بلند صوبے کا سب بڑا قومی پرچم گزشتہ 6 ماہ سے غائب ہے۔ پرچم کے ساتھ منسلک مشینری کو چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لئے پشاور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کی جانب سے 4 ملازمین کو بھی تعینات کیا گیا تھا لیکن وہ بھی گزشتہ 6 ماہ سے غائب ہیں جب کہ قیمتی مشینری بھی زنگ آلود ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں صوبے کے سب سے بڑے قومی پرچم کی تیاری اور نصب کرنے میں 36 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی اور اسے 18 اپریل 2011 میں نصب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پشاور کے ضلع ناظم محمد عاصم ارباب کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کا نظام گزشتہ 6 ماہ سے خراب ہے اور اسے اپنے اصل ڈیزائن میں برقرار رکھنا بھی مشکل ہے۔ عاصم ارباب کا کہنا تھا کہ خراب ڈیزائن کی وجہ سے جھنڈے کی بار بار مرمت بھی کرائی گئی لیکن مرمت کے باوجود ڈیزائن کی وجہ سے جھنڈا خراب ہوتا رہا اور اب بھی قومی پرچم کی سابقہ حالت بحال کرنے کی کوشش کررہےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ انتظامیہ سے 4 روز کے اندر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں