کون سا رکن کتنی بار قومی اسمبلی آیا حاضری رپورٹ حاضر

وزیراعظم نے3 برسوں میں پارلیمنٹ کے 55 اجلاسوں میں شرکت کی


ویب ڈیسک May 15, 2016
عمران خان نے موجودہ پارلیمنٹ کے 3 برسوں میں صرف 16 بار ایوان میں اپنا چہرہ دکھایا،رپورٹ فوٹو : فائل

قومی اسمبلی کارکن بننا تو ہرسیاستدان کی خواہش ہوتی ہے لیکن ایوان کا حصہ بننے والوں کی حاضری کا اسکور عموماً مایوس کن ہی رہتا ہے اور اراکین اسمبلی کبھی کبھار ہی ایوان میں اپنا چہرہ دکھاتے ہیں اور ایسا کچھ حال قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں کے لیڈر کا ہے اور پچھلے 3 برسوں میں کون کون سے اراکین اسمبلی کتنی بار ایوان میں حاضر ہوئے جانیے فافن کی اس مکمل رپورٹ میں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موجودہ پارلیمنٹ کے 3 برسوں میں صرف 16 بار ایوان میں اپنا چہرہ دکھایا جس کے پہلے پارلیمانی سال میں عمران خان 12 مرتبہ حاضر ہوئے اور دوسرے سال صرف ایک دفعہ جب کہ تیسرے سال میں عمران خان صرف 3 مرتبہ حاضر ہوئے۔

وزیراعظم نواز شریف کے اسکور بورڈ پر نظر ڈالی جائے تو یہاں بھی معاملات کچھ حوصلہ افزا نہیں دکھائے دیتے کیونکہ وزیراعظم نے3 برسوں میں پارلیمنٹ کے 55 اجلاسوں میں شرکت کی، وزیراعظم پہلے پارلیمانی سال کے 99 اجلاسوں میں سے صرف 7 میں شریک ہوئے جب کہ دوسرے سال یعنی دھرنے کے سیزن میں وزیراعظم 39 مرتبہ ایوان میں تشریف لائے لیکن رواں پارلیمانی سال میں یہ اسکور صرف 9 پر رہ گیا۔

قومی اسمبلی میں حاضری میچ کے چیمپئن پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ٹھہرے جنہوں نے پارلیمنٹ کے 224 اجلاسوں میں شرکت کی جب کہ دوسری پوزیشن اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے نام کی اوروہ پارلیمنٹ میں 214 مرتبہ آئے، تیسری پوزیشن پرآفتاب شیرپاؤ 195 حاضریوں کے ساتھ رہے جب کہ شیخ رشید 185 حاضریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

پارلیمنٹ میں اعجازالحق 179 مرتبہ جب کہ اے این پی کےغلام احمد بلور 138 اور مسلم لیگ فنکشنل کے پیر صدرالدین راشدی 77 مرتبہ ایوان کی کارروائی کا حصہ بنے، جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 3 برسوں میں صرف 59 بار ہی ایوان کو اپنا دیدار کرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔