پھٹی کی رسد تسلی بخش رہنے سے کاٹن مارکیٹس میں استحکام

بھارت، امریکا، برازیل، جنوبی افریقہ اور نائیجیریا سے 12 لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے۔

روئی کی قیمت میں فی من 100روپے کی کمی، کپاس کی 82 تا 83 لاکھ گانٹھوں کی پیداوار متوقع۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل واسپننگ ملزکی جانب سے روئی کی خریداری جاری رہنے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی طرف سے پھٹی کی رسد بھی تسلی بخش رہنے کے باعث روئی کی قیمت میں مجموعی طورپراستحکام پایا گیا۔

جبکہ اعلیٰ کوالٹی کی روئی کی قیمت میں فی من 100 روپے کی کمی واقع ہوئی تاہم کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 75 روپے کا اضافہ کرکے 5925 روپے کی قیمت پربندکیا، صوبہ سندھ میں روئی کی قیمت فی من 5700تا6050روپے پھٹی کی قیمت فی40کلو2600 تا 2800روپے بنولہ کی قیمت فی من 100روپے کے اضافے کے ساتھ 850 تا950روپے بنولہ تیل اوربنولہ کھل کی قیمت میں فی من 100روپے سے 200روپے کااضافہ ریکارڈکیا گیا۔


جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کی قیمت فی من 5400 تا 6100 روپے پھٹی کی قیمت 2600 تا 2950 روپے بنولہ، بنولہ تیل اوربنولہ کھل کی قیمت میں 100تا200روپے کااضافہ ہوا، کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق اسپننگ ملزمسلسل بیرون ملک سے کپاس کے درآمدی معاہدے کررہے ہیں، باخبرذرائع نے بتایا ہے کہ تاحال بیرون ممالک جس میں بھارت، امریکا، برازیل، جنوبی افریقہ، گریس اورنائیجیریا سے روئی کی تقریباً 12لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے کرلیے ہیں۔

8 نومبر 2012کے امریکاکے کپاس کی برآمد کے ہفتہ واررپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے درآمدکنندگان نے اس عرصے میںامریکا سے زیادہ کپاس کے درآمدی معاہدے کیے ہیں جوایک لاکھ 21ہزار300گانٹھوں پرمبنی ہے، چین نے 72ہزار600گانٹھوں کے درآمدمعاہدے کیے۔ دریں اثنا نسیم عثمان کے مطابق 15 نومبرتک ملک میں کپاس کی 82 تا 83 لاکھ گانٹھوں کی پیداوارہونے کی توقع ہے جوگزشتہ سال کی اسی عرصے کی پیداوار79 لاکھ 68ہزارگانٹھوں کے نسبت 2تا3لاکھ گانٹھیں زیادہ ہوں گی، کاٹن یارن کی قیمت مستحکم رہی، نیویارک کاٹن کی قیمت میں بھی استحکام پایا گیا۔
Load Next Story