بھارت کو سپرسانک انٹرسیپٹر میزائل تجربے پر امریکا کا مکمل تعاون حاصل ہے سرتاج عزیز

بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ پر پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا، مشیر خارجہ


May 16, 2016
بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ پر پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا، مشیر خارجہ فوٹو: فائل

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سپرسانک انٹرسیپٹر میزائل کا تجربہ پاکستان کے لئے حیران کن نہیں لیکن اس سےخطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں اور اس معاملے میں بھارت کو امریکا کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو ہتھیاروں کے تجربات سے قبل ایک دوسرے کو مطلع کرنے کے پابند ہیں۔ بھارت کی جانب سے سپرسانک انٹرسیپٹر میزائل کا تجربہ پاکستان کے لئے حیران کن نہیں لیکن اس سےخطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ اس معاملے میں بھارت کو امریکا کا مکمل تعاون حاصل ہے کیونکہ امریکا سمجھتا ہے کہ خطے میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ بھارت کی جانب سے ہتھیاروں میں ہونے والی اس پیش رفت پر پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے، پاکستان اپنے دفاع کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو حاصل کرے گا.

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی جانب سے جدید ترین سپر سانک انٹرسیپٹر میزائل کے تجربات کے بعد پاکستان کو اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز کسی بھی قسم کے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی نشانہ بنانے والے سپر سانک انٹرسیپٹر میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں