خود پر لگے الزامات کا جواب دے کر وزیراعظم سے بھی وضاحت طلب کروں گا عمران خان

وزیراعظم کی تقریرکا بے صبری سےانتظار ہے لیکن یقین ہے کہ وہ اپنی تقریرکرکے ایوان سے چلے جائیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک May 16, 2016
وزیراعظم کی تقریرکا بے صبری سےانتظار ہے لیکن یقین ہے کہ وہ اپنی تقریرکرکے ایوان سے چلے جائیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی - فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے جو ٹی او آرز بنائے ہیں اس کا اطلاق مجھ پر کیا جائے اگر میں اپنے آپ کو پیش کرسکتا ہوں تو وزیراعظم کیوں نہیں کرتے۔

مانچسٹرسے اسلام آباد واپسی پر بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر کبھی الزام نہیں لگاتا بلکہ صفائی دیتا ہے، پارلیمنٹ میں آج اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی وضاحت کروں گا پھر وزیراعظم سے بھی چاہوں گا کہ وہ الزامات کا جواب دیں، وزیراعظم کی تقریر کا بے صبری سے انتظار ہے لیکن یقین ہے کہ وہ اپنی تقریر کر کے ایوان سے چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ویسانہیں کہ جو ہے وہ چلتا جائے گا، کسی ایک میڈیا ہاؤس کو خرید کر مخالفین پر کیچڑ اچھالنے سے کام نہیں بنے گا، اگر کوئی آپ سے کچھ پوچھے تو اس کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط پر جوچیف جسٹس نے کہا سب کو معلوم تھا کہ یہی جواب آنا تھا، چیف جسٹس نے بالکل ٹھیک بات کہی کہ کمیشن کا اختیار محدود ہے اگر تحقیقات شروع کی تو صدیاں لگ جائیں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک اںصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر آف شور کمپنی کا الزام لگا حالانکہ میں نے لندن کا فلیٹ کرکٹ کی کمائی سے خریدا جس پر ٹیکس بھی دیا اور وہی فلیٹ بیچ کر بنی گالہ میں جائیداد خریدی جب کہ میں نے کبھی کوئی چیز نہیں چھپائی اور تمام تر دستاویزات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر فلیٹ مانگنے کا الزام بھی غلط ہے، مجھے بطور کھلاڑی انڈیا سے سیریز جیتنے اور ورلڈکپ جیتنے کے بعد 2 پلاٹ ملے جو میں نے شوکت خانم کے نام کردیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں