سی پیک کیلئے سلامتی کی ضمانت دینے کو تیار ہیں آرمی چیف کی چینی وزیراعظم کو یقین دہانی

اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کا مظہر ہے، چینی وزیراعظم


ویب ڈیسک May 16, 2016
دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے پر بھی تیار ہیں- آرمی چیف فوٹو؛ فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج سی پیک کے لیے سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے پر بھی تیار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی وزیراعظم لی کی جیانگ سے ملاقات کی اس دوران چینی وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کا مظہر ہے جب کہ قریبی تعلقات اقتصادی شعبے میں خصوصی تعاون کی ضمانت ہیں اور اس منصوبے سے خطے میں ترقی او ر استحکام آئے گا۔



آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج سی پیک کے لیے سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے راضی ہے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے پر بھی تیار ہیں جب کہ دونوں ممالک کی افواج میں دوستانہ تعلقات سے پاک چین دوستی گہری ہورہی ہے۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں آرمی ہیڈکوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف چین کی اعلی سیاسی شخصیات کے علاوہ فوج کی دیگر اعلی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔





ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں ممالک کے عسکری سربراہان کے درمیان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکیورٹی کے علاوہ دونوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانے، مختلف تیکنیک اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں