پریذیڈنٹ ٹرافی 7 ویں مرحلے کے اختتام پر سوئی ناردرن سر فہرست

حبیب بینک کا دوسرا اور پی آئی اے کا تیسرا نمبر، بیٹنگ میں علی وقاص ٹاپ پوزیشن پر فائز۔


Sports Reporter November 19, 2012
ایونٹ کا آٹھواں رائونڈ کل شروع ہوگا، نیشنل بینک کا ٹاکرا یو بی ایل سے ہوگا، اسٹیٹ بینک اور واپڈا مدمقابل آئیں گے ۔ فوٹو فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلے کے اختتام پرسوئی ناردرن گیس پوائنٹس ٹیبل پر 54 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔

حبیب بینک لمیٹڈ 48پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، پی آئی اے 33پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، خان ریسرچ لیبارٹری اور واپڈایکساں طورپر21، 21پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ نیشنل بینک آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک کی ٹیمیں بالترتیب 18، 18پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور ساتویں ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور پورٹ قاسم بالترتیب 15، 15پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور 9ویں نمبرپرموجود ہیں، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ 3پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ٹین کی آخری شریک ہے، بیٹنگ میں سوئی ناردرن گیس کے علی وقاص 6میچوں میں 531رنز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے حارث سہیل 4 میچوں میں 521رنز کے ساتھ دوسرے ، سوئی ناردرن کے محمد حفیظ 460رنز کے ساتھ تیسرے ، حبیب بینک کے یونس خان 445رنز کے ساتھ چوتھے اور ان ہی کی ٹیم کے عمران فرخت 5میچز میں 405رنز جوڑکر پانچویں نمبر پر موجود ہیں، نیشنل بینک کے فواد عالم 7مقابلوں میں 488رنز کے ساتھ چھٹے ، واپڈا کے شعیب مقصود اتنے ہی میچز کھیل کر 486رنز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں، پی آئی اے کی نمائندگی کرنے والے سابق قومی کپتان شعیب ملک 3میچز میں 220رنز کے ساتھ آٹھویں نمبر پر فائز ہیں۔

بولنگ میں واپڈا کے ذوالفقار بابراور حبیب بینک کے احسان عادل نے یکساں طور پر 7، 7میچز میں 47،47 وکٹیں لیکر ابتدائی دو پوزیشنز پر قبضہ جمارکھا ہے، سوئی ناردرن گیس کے سمیع اللہ 39 شکاروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، نیشنل بینک کے عمران خان 38وکٹیں لیکر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، پی آئی اے کے اعزاز چیمہ 37وکٹوں کے ساتھ پانچویں ، تنویر احمد 36وکٹوں کے ساتھ چھٹے اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے کاشف بھٹی 32وکٹوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب ٹرافی کے آٹھویں مرحلے کا آغاز منگل سے ہوگا، زرعی ترقیاتی بینک اور پورٹ قاسم کے درمیان میچ مرغزار کرکٹ گرائونڈ، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

حبیب بینک اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ، اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی، خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل) اور پی آئی اے کے درمیان میچ کے آر ایل گرائونڈ، راولپنڈی میں شروع ہوگا، نیشنل بنک اور یو بی ایل کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ اسٹیٹ بینک اور واپڈا کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں