ڈیوٹیوں پر جائیں یا اسمارٹ کارڈ بنوا ئیں پولیس اہلکار پریشان

ہنگامی صورتحال کی وجہ سے اہلکار ڈیوٹی نہیں چھوڑ سکتے ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز طاہر نوید.

ہنگامی صورتحال کی وجہ سے اہلکار ڈیوٹی نہیں چھوڑ سکتے ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز طاہر نوید. فوٹو: فائل

سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کے لیے اسمارٹ آئی ڈی کارڈ بنانے کا منصوبہ پولیس کیلیے مشکلات کا باعث بن گیا۔

پولیس افسران و اہلکاروں کوکارڈ بنوانے کے لیے کل سندھ سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے، پولیس حکام کا موقف ہے کہ محرم الحرام میں ہنگامی صورتحال کی وجہ سے وہ اپنی ڈیوٹی نہیں چھوڑ سکتے، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز طاہر نوید کا کہنا ہے کہ یوم عاشورہ کے بعد ہی اس جانب توجہ دی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گھوسٹ ملازمین کا پتہ چلانے کیلیے سندھ حکومت کے ملازمین کیلیے نئے کمپیوٹرائزڈ اسمارٹ آئی ڈی کارڈ بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت سندھ حکومت کے تمام ملازمین کیلیے یہ کارڈ بنوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈپارٹمنٹ کے مورخہ7 نومبرکو جاری کیے جانیوالے نوٹیفکیشن NO.SOB(SGA&CD) 18-46/2011 میں سندھ حکومت کے مختلف محکموں کے ملازمین کو مختلف تاریخوں میں سندھ سیکریٹریٹ طلب کیا گیا ہے ، سندھ پولیس کے ملازمین کو بھی کل( منگل 20 نومبر ) سندھ سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے، محرم الحرام کے پیش نظر پولیس افسران و اہلکاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں اسمارٹ آئی ڈی کارڈ بنوانے کے لیے ان کا جانا محال ہے اور موجودہ صورتحال ان کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے۔

متعدد افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اعلیٰ حکام کو کم ازکم پولیس کیلیے منگل کا دن منتخب نہیں کرنا چاہیے تھا ، امن و امان کی موجودہ صورتحال میں کسی طور پر بھی یہ ممکن نہیں کہ پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی چھوڑکرکارڈ بنوانے کیلیے سندھ سیکریٹریٹ پہنچ سکیں ، افسران کا کہنا تھا کہ مذکورہ صورتحال ان کے لیے الجھن اور درد سر بن گئی ہے، نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ہر شخص خود وہاں پہنچ کر کارڈ بنوانے کے لیے تمام ضروری کارروائی مکمل کرے جوکہ پولیس کے لیے کسی طور پر ممکن نہیں ہے ، بعض افسران نے یہ بھی کہا کہ منگل کا انتخاب کرتے وقت محرم الحرام کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے تھا۔

اس سلسلے میں ایکسپریس نے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز طاہر نوید سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ انھیں بھی نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے تاہم فوری طور پرکوئی پولیس افسر یا اہلکار نہیں جاسکا ہے ، اس وقت پولیس افسران و اہلکار امن و امان کی صورتحال کے باعث پہلے ہی سخت ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، یوم عاشور کے بعد اس جانب توجہ دی جائے گی ، انھوں نے کہا کہ کارروائی تو شروع کردی گئی ہے اور تمام متعلقہ افسران کو بھی اس ضمن میں آگاہ کردیا گیا ہے تاہم یوم عاشور کے بعد ہی پوری تند ہی سے کام کیا جا سکے گا۔
Load Next Story