وزیراعلیٰ بلوچستان کا ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا حکم

بولان اور سنڈیمن اسپتال کیلیے پاک فوج سے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنیکی ہدایت.

سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر اپنے ساتھی ڈاکٹر کے اغوا کیخلاف ایک ماہ سے ہڑتال پر ہیں. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔


انھوں نے صوبے میں پاک فوج کے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا اشارہ بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ کے ہڑتالی ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا الٹی میٹم دے دیا، تاہم پی ایم اے بلوچستان نے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ٹی وی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کی صوبائی حکومت نے سرکاری ڈیوٹی سے غیر حاضر تمام ہڑتالی ڈاکٹروں کو ہدایات کی تھی کہ وہ اتوارکی شام تک اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہوجائیں ورنہ ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر حاضر ڈاکٹروں کو24 گھنٹے کا نوٹس دے کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہڑتالی ڈاکٹرز اپنا احتجاج ختم نہیں کرتے تو بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال اور سنڈیمن صوبائی اسپتال کوئٹہ کے لیے پاک فوج سے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر بھرتی شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید احمد خان کے اغوا کے خلاف ایک ماہ سے ہڑتال پر ہیں۔
Load Next Story