اٹلی کی پاکستان کو دفاعی ٹیکنالوجی دینے میں دلچسپی

دفاعی صنعتی فیڈریشن کے چیئرمین کی اطالوی سفیرکے ساتھ وفاقی وزیرتجارت سے ملاقات


Khususi Reporter May 18, 2016
آئیڈیازمیںشرکت،اطالوی وزیراعظم،وزرائے دفاع وتجارت کے جلددوروں سے آگاہ کیاگیا فوٹو: فائل

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے تعلقات آئندہ برسوں میں انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے، سول اور دفاعی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کی حامل اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے حکومت سے رابطے کر رہی ہیں، حکومت پاکستان کے جاری کردہ منصوبوں کی بدولت آئندہ چند سال میں پاکستان کا مغربی حصہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہم ہوگا، پاکستان خطے میں سرمایہ کاری اور تجارت کا محور ہو گا۔ اطالوی ہوابازی و دفاعی صنعتوں کی فیڈریشن کے چیئرمین گوڈو کروسیٹواور اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹیکورو سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ اطالوی کمپنیاں گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں کام کر رہی ہیں اور ان کا منافع بڑھ رہا ہے۔

پاکستان میں امن اور معاشی استحکام کے بدولت مزید اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں، گوادر پورٹ کی تعمیر اور بلوچستان میں سڑ کوں کے نیٹ ورک کے قیام کے بعد بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں معدنیات کی دریافت، کھدائی اور ترسیل میں آسانی ہو گی اور صوبے میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے۔ اطالوی فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ اطالوی کمپنیاں پاکستان میںسرمایہ کاری کے ساتھ ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں ، اس سال کراچی میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 میں بڑی تعداد میں اطالوی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

پاکستان جنوبی ایشیااور مسلم ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے اورپاکستان اطالوی سرمایہ کاروں کے لیے ان خطوں میں مزید سرمایہ کاری کے لیے پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔اس موقع پر اطالوی سفیر نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں اٹلی کے وزیر اعظم، وزیر دفاع اور وزیر تجارت پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین حکومتی اور پرائیویٹ سطح پر معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں