مولانا کا نعرہ ہے رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمھارے ساتھ ہیں عمران خان

جس نے بھی فیصل آباد میں ہماری خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی تو ہماری ٹائیگر فورس اس کا پھینٹا لگائے گی، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 18, 2016
سنگاپور کو لی کوان یو، ملائشیا کو مہاتیر محمد اور ہمیں نواز شریف مل گیا، عمران خان. فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مولانا کا نعرہ ہے 'رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمھارے ساتھ ہیں'۔

مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم خواب کا نام تھا اگر ہم اس خواب کو بھول گئے تو یہ ملک تباہ ہو جائے گا، پاکستان کے نظریے کو تباہ کیا جا رہا ہے لیکن نوجوانوں کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس ملک مستقبل بہت تابناک ہے، بس ہمیں ایک جدو جہد کی ضرورت ہے۔ میں وہ پاکستان بنا کر دکھاؤں گا جس کا خواب ہمارے بزرگوں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لاہور اور اسلام آباد جلسوں میں ہماری ماؤں بہنوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی لیکن ہم نے اس کے حل کے لئے ٹائیگر فورس تشکیل دے دی ہے، سب کو خبردار کرتا ہوں کہ جس کسی نے بھی فیصل آباد میں 20 مئی کو ہونے والے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی تو اس کا ایسا پھینٹا لگے گا کہ دیکھنے والوں کو بھی عبرت ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ آج کل مولانا فضل الرحمن نواز شریف کو بچانے کے چکر میں ہیں، مولانا صاحب نے نواز شریف کی کرپشن کو بچانے کے لئے انھیں ڈی آئی خان بلایا اور وزیراعظم نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا، آج کل مولانا فضل الرحمن کا نعرہ ہے 'رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمھارے ساتھ ہیں'۔ بیرسٹر سلطان محمود سے کہتا ہوں کہ وزیراعظم کو مظفر آباد کی دعوت بھی دیں شاید یہاں بھی کوئی ایئرپورٹ بن جائے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف صاحب حقیقی امپائر کی انگلی کھڑی اٹھ چکی ہے اس لئے آپ کو واپس پویلین واپس جانا پڑے گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور ہمارے عظیم لیڈر نبی کریم ﷺ تھے جنھوں نے پوری دنیا کے لئے مثال قائم کی کہ جب لیڈر صادق اور امین ہوتا ہے تو پورے معاشرے کو اوپر لے جاتا ہے۔ ہمارے نبیﷺ نے عربوں کو ایک عظیم قوم کر دکھایا۔ حکمران فیکٹریاں اور اپنی دولت بنانے نہیں بلکہ قوم کی دولت بنانے کے لئے آتا ہے، جب لیڈر کرپشن کرتا ہے تو وہ پورے ملک اور اخلاقیات کو تباہ کر دیتا ہے۔

2012 میں مریم نواز نے کہا کہ ان کے اور خاندان کے کوئی اثاثے ملک یا ملک سے باہر نہیں ہیں لیکن انھیں پتہ نہیں تھا کہ اللہ کی طرف سے پاناما لیکس میں ان کا نام آجائے گا۔ انھیں پتہ نہیں تھا کہ ایک اسکیم انسان بناتا ہے اور ایک اسکیم اللہ بناتا ہے اور کامیاب وہ اسکیم ہوتی ہے جو اللہ بناتا ہے۔ نواز شریف نے اپنے اثاثوں سے متعلق ایوان میں بہت جھوٹ بولا اور اس کے ثبوت بھی ہمارے پاس ہیں۔ جھوٹ بولنے والا لیڈر ملکی قیادت نہیں کر سکتا، اس لئے آزاد کشمیر سے واقعی میں گو نواز گو ہو جانا چاہیئے۔ جس ملک کا لیڈر ایماندادر نہیں ہو تو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا، سنگاپور کو لی کوان یو، ملائشیا کو مہاتیر محمد اور ہمیں نواز شریف مل گیا۔

کشمیریوں کے لئے اس لئے کھڑا ہوں گا کہ گزشتہ 25 سال سے بھارتی فوج ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی مسلسل خلاف ورزی یو رہی ہے لیکن کوئی ان کی آواز کے لئے لڑنے والا نہیں۔ وزیراعظم کشمیر کی بات اس لئے نہیں کرتے کیونکہ بھارت میں ان کا کاروبار ہے، وزیراعظم بننے کے بعد بھارت سے کشمیر کے معاملے پر واضح بات کروں گا، دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کے لئے لڑوں گا اور انھیں انصاف دلاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلطان محمود وزیراعظم بننے کے بعد احتساب کا سخت نظام رائج کریں گے، ایسا نظام نافذ کریں گے کہ کسی کو بھی وہ کرپشن کی جرات نہیں ہو گی، جو بھی قانون توڑے گا اس کے خلاف ایکشن ہو گا اور اداروں کو مضبوط کریں گے۔ آزاد کشمیر میں ایسی پولیس بنائیں گے جو یہاں کی عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ یہاں کی پولیس ٹھیک ہو گئی تو یہیں سرمایہ کاری بڑھے گی، بے روز گاری ختم ہو گی اور سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ اگر مظفر آباد میں تھوڑی سی پلاننگ ہو جائے تو یہ سوئٹزرلینڈ سے بھی خوبصورت بن سکتا ہے، یہاں درختوں کے کاٹنے پر ایکشن لیں گے اور آزاد کشمیر میں گیس لانے کے لئے پورا زور لگائیں گے۔ آزاد کشمیر میں بھی مقبوضہ کشمیر کی طرح اپنا بینک ہونا چاہیئے جہاں بیرون ممالک رہنے والے کشمیری اپنا سرمایا بھیج سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔