شفاف الیکشن ناگزیر ہیں حکمراںسازش کرنے سے باز رہیں نواز شریف

سبزباغ دکھانے اور جھوٹے دعویٰ کرنے والوں کو قوم خوب جانتی ہے، وفد سے گفتگو


Numainda Express November 19, 2012
بلوچستان کی صورتحال پر تشویش ہے، حالات کی بہتری کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، نوبزادہ طلال بگٹی سے فون پر بات چیت۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے لیکن حیرت ہے کہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے سب اچھا کی رپورٹ دی جاتی ہیں۔

عوام با شعورہیں اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا بغور جائز ہ لے رہے ہیں ،آئندہ انتخابات ملک و قوم کے مستقبل کا تعین کریں گے ۔ خانیوال سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما رانا عبد الرحمان سے ملاقات کے دورانانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر دور میں عوام کی خواہشات پر پورا اتری ہے، انشاللہ عوام نے آئندہ بھی موقع دیا تو انہیں مایوس نہیں کرینگے ۔ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت شہباز شریف کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلیے دن رات کوشاں ہے اور ہمیں فخر ہے کہ بیرونی دنیا میں بھی ان اقدامات کی تعریف ہو رہی ہے ۔

این این آئی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ حکمران عام انتخابات میں دھاندلی کی سازشیں کر نے سے باز رہیں، ملک اور جمہوریت کیلئے مقررہ وقت پر مکمل شفاف اور آزادانہ انتخابات ناگزیز ہوچکے ہیں، سبزباغ دکھانے اور جھوٹے دعویٰ کرنے والوں کو قوم خوب جانتی ہے، حکومت نے صرف عوام کو لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، مہنگائی جیسے مسائل دیے، ملک کو بھکاری بنادیا گیا، پاکستان کی خودمختاری دائو پر لگادی گئی ہے، انہوں نے پاکستانی عوام اس وقت کڑے امتحان سے گزر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، مسلم لیگ نواز کی دو مرتبہ حکومت آئی۔

ہم نے ملک کو مسائل سے نجات دلائی اور آئندہ بھی حکومت میں آکر عوام کی خدمت کرینگے ، پیپلزپارٹی اپنے چوتھے دور حکومت سے گزر رہی ہے مگر اس نے قوم کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، حکمرانوں کو ملک وقوم کا کوئی درد اور احساس نہیں ، آج حالات یہ ہیں کہ لوگ ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے صدر اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطے میں ملک کی مجموعی خصوصاً بلوچستان کی صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

طلال بگٹی نے مسلم لیگ ن کی طرف سے سینیٹ میں بگٹی ہائوس کا مبینہ گھیرائو کیخلاف آواز بلند کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر نواز شریف نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔دریں اثنا نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں