لیجنڈری اداکار رشی کپور گاندھی فیملی پر برس پڑے

کانگریس نےبھارت کو اپنے باپ کا مال سمجھ رکھا ہے جو اہم مقامات کے نام گاندھی خاندان پر رکھتی ہے، لیجنڈری اداکا رکی ٹوئٹ


ویب ڈیسک May 18, 2016
کانگریس نے دہلی ایئرپورٹ کا نام اندرا گاندھی کے بجائے مہاتما گاندھی، بھگت سنگھ یا میرے نام پر کیوں نہیں رکھا،رشی کپور فوٹو: فائل

SWAT: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور ملک بھر کے اہم مقامات اور سڑکوں کے نام گاندھی فیملی کے ناموں پر رکھنے پر برس پڑے جب کہ انہوں نے کانگریس کوبھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بالی ووڈ اداکار رشی کپور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے خیالات کا اظہار کھل کر کرتے ہیں اور اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں تاہم اب انہوں نے گاندھی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا جس کے بعد بھارت میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔



رشی کپور کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ کانگریس نے بھارت کو اپنے باپ کا مال سمجھ رکھا ہے جو ہر مقام کا نام گاندھی خاندان پر رکھ دیتی ہے، اسے کسی مقام کا نام رکھنے کے لئے لتا منگیشکریاد نہیں آتیں جب کہ ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ دہلی کے ایئرپورٹ کا نام اندرا گاندھی کے نام پر کیوں رکھا گیا مہاتما گاندھی، بھگت سنگھ یا میرے نام پر کیوں نہیں رکھا گیا۔



لیجنڈری اداکار نے یہیں بس نہیں کی اس کے بعد ایک اور ٹوئٹ کرڈالا جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے اہم مقامات کے نام ملک کے لیے قربانیاں دینے والے افراد کے نام پرہونے چاہئیں ہر چیز گاندھی کے نام ہوجس پر ہم سب کو سوچنا ہوگا جب کہ جب دلی کی سڑکیں بدل سکتی ہیں تو کانگریس کے دیئے ہوئے نام کیوں نہیں بدل سکتے۔



رشی کپور کا کہنا تھا کہ فلم سٹی دلیپ کمار، امیتابھ بچن ، اشوک کمار یا دیوآنند کے نام پر ہونا چاہئے نہ کہ راجیو گاندھی ، ذرا سوچو دوستو یہ کیا ہے سب۔



دوسری جانب رشی کپور کے ٹوئٹس کے بعد بھارت میں ایک نئی بحث چھڑ گئی جس کے بعد فلم نگری کے ستارے اور سیاست دان ان کے خیالات کی حمایت اورمخالفت میں سامنے آگئے ہیں جب کہ کانگریس نے رشی کپور کے بیانات کی شدید مخالفت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔