شمالی وزیرستان اور باڑہ میں بم دھماکے 2اہلکاروں سمیت 5جاں بحق

میر علی کے علاقے میں فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا ، 2 اہلکار شہید،5 زخمی ہوئے

باڑہ سپاہ کے علاقے ڈورہ میں ایک مکان پرگولہ گرنے سے 3بچے،پشاور کے علاقے میں این جی او کے دفتر پرگولہ گرنے سے 2افراد زخمی . فوٹو فائل

KARACHI:
شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد جاںبحق اور5 زخمی ہوگئے۔

ایک اوردھماکے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید اور سات زخمی ہوگئے ،مقامی انتظامیہ کے مطابق اتوار کو تحصیل میر علی کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا ،جس سے 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے ،فوج کے ایک قافلے نے میر علی سے گزرنا تھا اور دھماکے کا نشانہ بننے والی فوجی گاڑی راستے کا جائزہ لے رہی تھی۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کا اس دھماکے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


ادھرباڑہ سے نمائندے کے مطابق باڑہ شین کمر کے پہاڑی راستے میں نصب بم پھٹنے سے تین راہگیر جہانزیب،شینئی اور سیف الرحمان جاں بحق ہوگئے، تینوں گدھوں پر سامان لے جارہے تھے کہ ایک گدھے کا پائوں زمین میں نصب بارودی مواد پر آگیا ، تین گدھے بھی مارے گئے ،اس واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ادھر باڑہ سپاہ کے علاقہ ڈورہ میں سید ولی کے مکان پرگولہ گرا جس سے تین بچے آٹھ سالہ اسماعیل سات سالہ شمس اور چھ سالہ بچی زخمی ہوگئی جنہیں پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثناء پشاورسے نامہ نگار کے مطابق پشاور کے پوش علاقے ٹائون میں غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل میڈیکل کور کے دفتر پر مارٹر گولہ گرنے سے چوکیدار نیک محمد سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ دوسرا راکٹ پشتخرہ کے علاقے میں گرا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، پشاور کے نواحی علاقے سربند میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تاہم جوابی فائرنگ سے فرار ہو گئے۔

Recommended Stories

Load Next Story