’’اسکن ٹریک سسٹم‘‘

جلد ٹچ اسکرین بن گئی؛ اسمارٹ گھڑی کا استعمال آسان ہو گیا


عبدالریحان May 19, 2016
جلد ٹچ اسکرین بن گئی؛ اسمارٹ گھڑی کا استعمال آسان ہو گیا ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں ترقی اب کسی مشین کے ایک ہی کام انجام دینے کے تصور کو بدل رہی ہے۔ جدید دور میں ایسی مشینیں ایجاد ہورہی ہیں، جن سے متعدد کام لیے جاسکتے ہیں۔

ٹیلی ویژن سے لے کر ٹیلی فون تک ان گنت مصنوعات میں مختلف مشینوں کی خوبیاں یکجا کردی گئی ہیں۔ مثلاً اسمارٹ ٹیلی ویژن پر آپ مختلف پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اسے کمپیوٹر کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ اسی طرح دستی گھڑی بھی اب محض گھڑی نہیں رہی بلکہ ' اسمارٹ' ہوگئی ہے۔ وقت بتانے کے ساتھ ساتھ یہ متعدد دوسرے کام انجام دیتی ہے۔ اسمارٹ گھڑیاں مقبول تو ہورہی ہیں، مگر متعدد فنکشنز کی حامل یہ مشین اپنی چھوٹی اسکرین کی وجہ سے صارف کے لیے الجھن کا باعث بن رہی ہے۔

اس کی مختصر اور ٹچ اسکرین پر کسی فنکشن کو دباتے ہوئے اگر صارف کی انگلی اوپر یا نیچے والے کسی دوسرے فنکشن سے چُھو جائے تو اسے مشکل پیش آتی ہے۔ محققین کی ایک ٹیم نے اس مشکل کا حل '' اسکن ٹریک'' کی صورت میں نکالا ہے۔ یہ نئی ٹیکنالوجی ہاتھ کی جلد کو ٹچ اسکرین سے منسلک کر دے گی۔ اسمارٹ گھڑی کلائی پر باندھی جائے گی اور اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہتھیلی کی پُشت ٹچ اسکرین کا کام کرے گی۔ ہتھیلی کی پُشت پر انگلی کو حرکت دینے سے اسمارٹ واچ پر متعلقہ فنکشنز آپریٹ ہوتے رہیں گے۔

اسکن ٹریک سسٹم کارنیگی میلن یونیورسٹی کے ہیومن کمپیوٹر انٹرایکشن انسٹیٹیوٹ کے سائنس دانوں کی تخلیق ہے۔ یہ سسٹم سگنل خارج کرنے والی ایک انگشتری اور ایک سینسنگ بینڈ پر مشتمل ہے۔

انگشتری سے برقی سگنل خارج ہوتے ہیں، جنھیں گھڑی کے اندر نصب سینسنگ بینڈ محسوس کرتا ہے۔ انگلی میں انگوٹھی پہن کر جب اس سے ہتھیلی کی پُشت کو چُھوا جائے گا تو اس میں برقی سگنل خارج ہوکر سینسنگ بینڈ تک پہنچیں گے۔ بینڈ میں نصب چار برقیرے اور انگوٹھی کے درمیان فاصلے کی پیمائش کے ذریعے بینڈ انگلی کی پوزیشن کا تعین کرے گا اور اس کی مناسبت سے گھڑی کے متعلقہ فنکشن کو فعال کردے گا۔ تجربات کے دوران اسکن ٹریک سسٹم نے 99 فی صد درست کام کیا۔

اسکن ٹریک سسٹم تخلیق کرنے والی ٹیم کے رکن گیئرڈ لاپٹ کہتے ہیں،''اسمارٹ گھڑیوں کے سہل استعمال میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کی چھوٹی اسکرینیں ہیں۔ مختصر اسکرینوں کی وجہ سے ان کے فنکشنز کو تیزی اور آسانی کے ساتھ استعمال کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اسکن ٹریک سسٹم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ نظام کسی الجھن اور پریشانی میں مبتلا کیے بغیر مطلوبہ نتائج دے گا۔ اس کے لیے کوئی بھاری اور اضافی آلہ نہیں پہننا پڑے گا۔ گھڑیاں اور انگوٹھیاں تو عام طور پر لوگ پہنتے ہی ہیں۔ بس انگوٹھی کو اس انگلی میں پہننا ہوگا جس سے اسمارٹ گھڑی کو استعمال کرنا ہو۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں