ملتان میں کارروائی کے دوران القاعدہ کے 8 دہشت گرد ہلاک سی ٹی ڈی

ہلاک دہشتگردوں میں اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جب کہ دہشتگرد ملتان یونیورسٹی پر حملے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ پولیس


ویب ڈیسک May 19, 2016
ہلاک دہشتگردوں میں اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جب کہ دہشتگرد ملتان یونیورسٹی پر حملے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ پولیس، فوٹو؛ فائل

لاہور: سی ٹی ڈی نے دریائے چناب کے کنارے کارروائی کے دوران القاعدہ کے اہم کمانڈروں سمیت 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر دریائے چناب کے کنارے پر کارروائی کی جہاں دہشت گردوں سے مڈ بھیڑ ہوئی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے اور وہ ملتان یونیورسٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں القاعدہ کے اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جن کی شناخت منیب جاوید عرف قندھاری، طیب نواز، رزاق ،ذیشان اور ابو دجانہ کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر ہلاک دہشت گردوں میں یونیورسٹی پر خودکش حملے کے لیے تیار دہشت گرد بھی مارا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، 2 کلاشنکوف، 2 پستول، متعدد رائفلز اور 3 ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے جب کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے 6 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں