ڈی ايٹ کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک كے كاروباری وفود اور تاجروں نے پاک چائنہ فرينڈ شپ سینٹر اسلام آباد ميں مشتركہ تجارتی نمائش كو سراہتے ہوئے كہا ہے كہ اس طرح كی تجارتی نمائشوں كے انعقاد سے ركن ممالک كے درميان باہمی تجارت بڑھے گی اور مختلف مصنوعات كيلئے منڈيوں كی تلاش ميں اضافہ ہوگا۔
مصر كی وزارت خزانہ ميں ايكسپورٹ ريسرچرعمارا قيوم نے بتايا كہ پاكستان اور مصر كے درمیان ٹيكسٹائل، كيميكل سميت ديگر شعبوں ميں سرمايہ كاری كے وسيع ترمواقع موجود ہيں۔
پاكستان جيمز اينڈ جيولری ڈيپارٹمنٹ اور پاكستان اسٹون ڈويلپمنٹ كمپنی كے ترجمان الياس علی نے بتايا كہ پاكستان زيورات اور قيمتی پتھروں كی برآمد سے سالانہ بھاری مقدار ميں زرمبادلہ حاصل كرتا ہے۔ انہوں نے بتايا كہ ڈی ايٹ تجارتی نمائش سے پاكستان كے قيمتی پتھروں اور زيورات كی مانگ ميں اضافہ ہوگا اور ركن ممالک كے درميان تجارتی تعلقات كو فروغ ملے گا۔
نمائش ميں تركی اور ملائیشيا كے تاجروں نے بتايا كہ ڈی ايٹ كے ركن ممالک حلال خوراک كی تجارت كو فروغ دے سكتے ہيں، انہوں نے بتايا تركی پاكستان ميں ٹرانسپورٹ، تعميرات سميت مختلف شعبوں ميں سرمايہ كاری كو فروغ دے رہا ہے۔ نائيجريا، ايران، بنگلہ ديش كے تاجروں نے بتايا كہ اس طرح کی مشتركہ تجارتی نمائشوں كا انعقاد ضروری ہے جس سے ركن ممالک ميں مختلف مصنوعات كی كھپت كے حوالے سے نئی منڈيوں كی تلاش ميں مدد ملے گی۔