غزہ پر اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 98ہوگئیحماس کو 36 گھنٹے کا الٹی میٹم

اسرائیل سے امن معاہدہ ہوسکتا ہے لیکن اسرائیلی شرائط پر نہیں،خالد مشعل


ویب ڈیسک November 19, 2012
اسرائیل نے پیر کے روز غزہ کے 80 مختلف علاقوں پر فضائی اور بحری حملے کئے ۔ فوٹو: اے ایف پی

غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد گزشتہ 6 روز کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 98ہوگئی، حماس کے رہنما خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینیوں کواختلاف بھلا کرمتحد ہوجاناچاہئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل نے اتوار کی رات سے اب تک غزہ کے 80 مختلف علاقوں پر فضائی اور بحری حملے کئے ۔ اسرائیل نے اپنے حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ صیہونی فوج نے تازہ ترین حملہ غزہ شہر کے نواحی علاقے زیتون میں ایک مکان پر کیا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 3 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے ۔

اسرائیلی بمباری کے باعث اسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں اور فلسطینی اپنے گھروں میں محصور رہنے پر مجبور ہیں دوسری جانب اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ میں ادوایات اور غذائی اجناس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے حماس کو36گھنٹے کے اندرمیزائل حملے نہ روکنے کی صورت میں غزہ میں بڑی زمینی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

دوسری جانب مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے رہنما خالد مشعل کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تمام فلسطینیوں کو اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہونا ہوگا، اسرائیل سے امن معاہدہ ہوسکتا ہے لیکن اسرائیلی شرائط پر نہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بربریت کے باعث مشرق وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورت حال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان اور تیونس کے وزیر خارجہ کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں جنہوں نے اسرائیل سے فوری طور پر راکٹ حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے مسلسل جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں