اب اسمارٹ فون تیار کریں اپنی پسند سے گوگل نے ماڈیولر فونز لانے کا اعلان کردیا

گوگل کے ماڈیولر فون میں لیگو بلاکس کی طرح سارے اہم پرزے اپنی پسند سے بدل سکیں گے


ویب ڈیسک May 21, 2016
گوگل کے ماڈیولر فون 2017 میں دستیاب ہوں گے فوٹو: فائل

اگر آپ اپنا فون اپنی پسند سے بنانا چاہتے ہیں تو گوگل جلد آپ کا یہ خواب پورا کرنے والا ہے کیونکہ گوگل لا رہا ہے ایسا ماڈیولر فون جس میں لیگو بلاکس کی طرح سارے اہم پرزے آپ خود اپنی پسند سے بدل سکیں گے۔

دنیا ایک عرصے سے اس بات کی منتظر تھی کہ ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف ترین کمپنی گوگل خود اپنا فون کب پیش کرے گی۔ گوگل نیکسس فون ویسے تو دستیاب ہیں لیکن انھیں گوگل خود تیار نہیں کرتا بلکہ گوگل کی اشتراکی کمپنیاں جیسے کہ ایل جی، ایچ ٹی سی اور ہواوے بناتی ہیں لیکن اب گوگل اپنا فون مکمل طور پر خود تیار کرے گا۔ گوگل کے تازہ ترین اعلان کے مطابق ان کے ماڈیولر فون 2017 میں دستیاب ہوں گے۔

گوگل کا یہ نیا فون پروجیکٹ ایرا کے تحت پیش کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ میں ماڈیولر فونز پر کام کیا جا رہا تھا جس کے تحت صارفین اپنی پسند سے اپنا فون خود بنا سکیں گے۔ اس فون کے مختلف حصے جیسے کہ کیمرا، بیٹری اور دیگر ہارڈویئر کو ضرورت کے تحت جب چاہیں بدلا جا سکے گا۔ جس طرح ہم کمپیوٹر کے مختلف حصے ضرورت پڑنے پر خود بدل سکتے ہیں۔ اگر فون کا کیمرہ مزید بہتر، اضافی بیٹری یا اسپیکر، مزید طاقت ور ریم وغیرہ لگانا ہو تو فون میں موجود ٹائلوں کی طرح لگے کسی بھی حصے کو نکال کر نیا ہارڈ ویئر لگایا جا سکے گا۔ اس طرح صارفین کو بار بار نئے فون خریدنے سے نجات مل جائے گی کیونکہ وہ خود اپنی پسند سے اپنا فون بنا اور اپ گریڈ کر سکیں گے۔ اس منصوبے پر کئی سالوں سے کام جاری تھا لیکن گزشتہ روز پہلی دفعہ گوگل نے اس فون کے پروٹوٹائپ ورژن کا کامیاب تجربہ پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔