اپوزیشن نے وزیراعظم کے استعفیٰ کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ایازصادق

ٹی او آرز کمیٹی پر کوئی بھی اثر انداز نہیں ہوسکے گا اور نا ہی کوئی جماعت نظر انداز ہوگی، ایازصادق


ویب ڈیسک May 22, 2016
اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے نام آگئے ہیں جس میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کیا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی : فوٹو : فائل

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے ٹی او آرز کمیٹی کے لئے ارکان اسمبلی کے نام آگئے ہیں لیکن ان کی جانب سے وزیر اعظم کے استعفٰے کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔

لاہور میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے ٹی او آرز کی تیاری کے سلسلے میں اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے نام دے دیئے ہیں، اپوزیشن نے اس میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے ابھی تک نام نہیں دیئے گئے۔ جیسے ہی انہیں کمیٹی کے ارکان کے نام موصول ہوجائیں گے، کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا جائے گا۔ہراپوزیشن جماعت کا حکومت کے ساتھ رابطہ ہے۔ اس کمیٹی پر نا تو کوئی اثر انداز ہوسکے گا اور نہ ہی کوئی جماعت نظر انداز ہوگی، اس کا دائرہ اختیار بھی وسیع تر ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کی اچانک لندن روانگی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے طبی معائنے کے لیے لندن روانہ ہوئے ہیں اور وہ جلد ہی واپس آجائیں گے۔ اس دوران ان کی کسی سیاسی رہنما سے ملاقات طے نہیں ہے اور نا ہی وہ اس بارے میں جانتے ہیں۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی ملک کے پرانے منجھے ہوئے اور قابل احترام سیاستدان ہیں، وہ ان کو بیٹے کی بازیابی کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ان سے سیاست سیکھنے اور اسمبلی چلانے سے متعلق رہنمائی لینے آئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں