وزیر داخلہ کا انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرنے پر تحفظات کا اظہار

انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرتے وقت اعتماد میں لینا تو درکنار کوئی اطلاع تک نہیں دی گئی، چوہدری نثار


ویب ڈیسک May 22, 2016
انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرتے وقت نہیں آئینی اور قانونی راستہ نہیں اپنایا گیا، چوہدری نثار. فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیرستان کی انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے سپرد کرنے کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں انھوں نے انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایک ایک انچ زمین ہمارے پاس قومی امانت ہے، اگر اس میں سے کچھ کسی کے حوالے کرنا ہے تو اس کا آئینی و قانونی راستہ موجود ہے جو انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرتے وقت نہیں اپنایا گیا۔



چوہدری نثار نے کہا کہ وزارت داخلہ، بارڈر مینجمنٹ، بارڈر کنٹرول اور سرحدی دفاع کے حوالے سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے لیکن انگور اڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے کرتے وقت ہمیں اعتماد میں لینا تو درکنار کوئی اطلاع تک نہیں دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ انگور اڈا چیک پوسٹ کے حوالے سے میرے ذہن میں اہم سوالات ہیں جن کا وزیراعظم نواز شریف کے وطن لوٹنے تک انتظار کروں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان نے افغانستان سے برادرانہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے وزیرستان میں واقع انگور اڈا چیک پوسٹ افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں