احمد آباد ٹیسٹ بھارت نے انگلینڈ کی مزاحمت بری طرح کچل دی

77 کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، پجارا 41 پر ناٹ آئوٹ رہے، مہمان سائیڈ کی دوسری اننگز 406 پر ختم ہوئی۔


Sports Desk November 20, 2012
احمد آباد ٹیسٹ : بھارتی اسپنر پراگیان اوجھا انگلش اوپنر الیسٹر کک کو بولڈ کرنے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں، ان کی ٹیم 9 وکٹ سے فتحیاب رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

PORT ELIZABETH: احمد آباد ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کی مزاحمت بُری طرح کچل دی، میزبان سائیڈ نے پہلا معرکہ9 وکٹ سے جیت کر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔

اس نے77 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا، پہلی اننگز کے ڈبل سنچری میکر چتیشور پجارا41پر ناٹ آئوٹ رہے، انھیں عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، اس سے قبل انگلش ٹیم دوسری باری میں 406 رنز بناکر آئوٹ ہوئی،آخری پانچ وکٹیں صرف 50 رنز کے اضافے سے گریں، الیسٹرکک نے 176 اور میٹ پرائر نے 91 رنز کی اننگز کھیلیں، پراگیان اوجھا نے 4 اور امیش یادیو نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق احمد آباد کے موتیرا گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پانچ میں سے 4 دن تک بھارت کا مکمل راج رہا۔

اسی بنیاد پر وہ حریف کو9 وکٹ سے مات دینے میں کامیاب رہا، میزبان کو دوسری اننگز میں انگلینڈکو آئوٹ کرنے کیلیے پونے گیارہ گھنٹے تک محنت کرنا پڑی، مگر جب دوبارہ بیٹنگ کا موقع ملا تو صرف 77 کا ہدف سامنے تھا،اتنے کم اسکور اور کھیلنے کیلیے دوسیشنز کا وقت موجود ہونے کے باوجود انگلش بولرز نے میچ بچانے کیلیے کوشش کی مگر حسب توقع ناکام رہے، سہواگ 25 رنز بناکر گریم سوان کو چھکا جڑنے کی کوشش میں بائونڈری کے قریب کیچ ہوگئے، دوسرے اینڈ پر موجود چتیشور پجارا نے بھارتی ٹیم کو 15.3 اوورز میں فتح دلادی، وہ41 اور ویرت کوہلی 14رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پجارا نے پہلی باری میں ناقابل شکست 206 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل پانچویں دن کی صبح پراگیان اوجھا نے الیسٹرکک اور میٹ پرائر کی دو اہم وکٹیں حاصل کرکے انگلش ٹیم کی مزاحمت کچل دی۔

کک نے فالو آن کے بعد 330 رنز کے خسارے میں جانے والی اپنی ٹیم کو ایک اننگز سے شکست کی خفت سے بچایا، میٹ پرائر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا ، دونوں کی اتوار کی شام تک عمدہ شراکت نے انگلش سپورٹرز کے دل میں میچ بچ جانے کی امیدیں پیدا کردی تھیں، مگر پیر کو وہ اپنے گذشتہ اسکور میں مزید 16 رنز ہی جوڑ پائے، پرائر نے اوجھا کو آسان ریٹرن کیچ تھما کر سنچری کا خواب بھی چکنا چور کردیا، وہ 91 رنز پر میدان بدر ہوئے، کک کو 176 رنز پر اوجھا نے بولڈ کیا، اسٹورٹ براڈ (3) کو یادیو نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا، سوان کو 17 رنز پر ایشون نے بولڈ کیا جبکہ ٹم بریسنن 20 رنز بناکر ظہیر خان کا شکار بن گئے کیچ متبادل فیلڈر اجنکیا راہنے نے تھاما۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں