جنوبی افریقہ شارٹ بالز سے کلارک کو قابو کرے گا

بولرز نے نو بالز کی خامی پر قابو پانے کیلیے ایلن ڈونلڈ کے ساتھ کام شروع کردیا۔


Sports Desk November 20, 2012
بولرز نے نو بالز کی خامی پر قابو پانے کیلیے ایلن ڈونلڈ کے ساتھ کام شروع کردیا۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ دوسرے ٹیسٹ میں ان فارم آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کو قابو کرنے کیلیے شارٹ بالز کا سہارا لے گا۔

فاسٹ بولر مورن مورکل کا کہنا ہے کہ کلارک کے خلاف شارٹ بالز اور ان کو سنگلز لینے سے روکنا ہماری پالیسی کا اہم حصہ ہوگا، انھوں نے کہا کہ اکثر بیٹسمینوں کو شارٹ بالز کھیلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہم کلارک کے خلاف یہی ہتھیار استعمال کریں گے، ہم نے ان کے خلاف پلان بنالیا اب ہمیںصرف اس کے عمدگی سے استعمال کی ضرورت ہے، اگر ہم حریف قائد پر دبائو بڑھانے اور اسٹرائیک بدلنے سے باز رکھنے میں کامیاب ہوگئے تو جلد ہی انھیں پویلین واپس بھیج دیں گے۔

دریں اثنا آسٹریلیا کیخلاف برسبین ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ بولرز کی کئی ممکنہ کامیابیاں 'نوبال ' کی نذر ہوگئیں، ورنون فلینڈرنے 8، رورے کلینویلڈ نے 12 جبکہ مورن مورکل نے2 گیندیں ایسی کیں جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا، اسی بات کے پیش نظر دراز قامت مورن مورکل جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل اپنی اس خامی کو دور کرنے کیلیے کوشاں ہیں، پروٹیز بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ پیسرز کی اس پریشانی کو دور کرنے میں مصروف ہیں۔

مورکل نے کہا کہ بطور بولنگ اٹیک ہمیں زیادہ منظم انداز اپنانے کی ضرورت ہے، ہم اپنے نوبالز کے مسئلے پر قابو پاسکتے ہیں ، میں اپنے کھیل کو بہتر بنانے کیلیے سخت محنت کررہا ہوں، نیٹ پر میں نے نوبالز پر قابو پانے کو بھی اپنا ہدف بنارکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔