پیپلزپارٹی کا وزیراعظم کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

الیكشن كمیشن نے وزیر اعظم اور ان كے خاندان كے اثاثوں كی تفصیلات پیپلز پارٹی كو فراہم كرنے كی منظوری دے دی۔


ویب ڈیسک May 23, 2016
الیكشن كمیشن نے وزیر اعظم اور ان كے خاندان كے اثاثوں كی تفصیلات پیپلز پارٹی كو فراہم كرنے كی منظوری دے دی۔ فوٹو؛ فائل

پاكستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم اور ان كے خاندان كے خلاف نااہلی كے حوالے سے ریفرنس تیار كر لیا جو جمعرات کے روز الیکشن کمیشن میں دائر کیا جائے گا جب کہ الیكشن كمیشن نے وزیر اعظم اور ان كے خاندان كے اثاثوں كی تفصیلات پیپلز پارٹی كو فراہم كرنے كی منظوری دے دی۔

پیپلز پارٹی كے رہنما نیئر بخاری اور لطیف كھوسہ كی جانب سے چیف الیكشن كمشنر كو درخواست دی گئی تھی جس میں وزیر اعظم ،ان كے خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار كے اثاثوں كی تفصیلات مانگی گئی تھیں جب کہ درخواست میں 1990سے 2013 كے دوران جمع كروائے گئے تصدیق شدہ كاغذات نامزدگی اور سالانہ گوشواروں كی تفصیلات مانگی گئی تھیں۔

ذرائع كے مطابق الیكشن كمیشن نے پیپلزپارٹی كی جانب سے مانگی گئی تفصیلات انہیں مہیا كر نے كا فیصلہ كیا ہے اور جلد الیكشن كمیشن مطلوبہ معلومات پیپلزپارٹی كو دے دے گا۔ پیپلزپارٹی كے سیكرٹری جنرل لطیف كھوسہ نے ایكسپریس كو بتایا كہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم وزیراعلیٰ پنجاب ، ركن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور كیپٹن صفدر كے خلاف ریفرنس تیار كر لیا ہے جس كی حتمی منظوری بدھ كو ہونے والے پارٹی كی قانونی كمیٹی كے اجلاس میں دے دی جائے گی۔

قانونی كمیٹی میں سابق چیرمین سینٹ فاروق ایچ نائیك اور نئیر حسین بخاری، سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن اور لطیف كھوسہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا كہ ریفرنس كے ہمراہ ٹھوس شواہد بھی دیئے جائیں گے جس میں شریف خاندان كے اثاثوں كی تفصیلات، ان كے بیانات اور سی ڈیز سمیت دیگر مواد شامل ہے۔ انہوں نے بتایا كہ جس طرح ہمارے سامنے اعلیٰ حكمران ہیں اسی طرح ہم نے سنجیدگی كے ساتھ ریفرنس تیار كیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں