نوازشریف اور فضل الرحمان کی دوستی کی قیمت قوم کو ادا کرنی پڑ رہی ہے فاروق ستار

نوازشریف بتائیں كہ وہ كن مخصوص علاقوں كے وزیراعظم ہیں اوران كی ترجیحات میں كون سےعلاقے شامل ہیں، متحدہ رہنما


ویب ڈیسک May 24, 2016
نوازشریف بتائیں كہ وہ كن مخصوص علاقوں كے وزیراعظم ہیں اوران كی ترجیحات میں كون سےعلاقے شامل ہیں، متحدہ رہنما، فوٹو : آئی این پی

لاہور: ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے چائنا پاكستان اكنامک كوریڈور میں بھی بلوچستان كا خیال اس لیے آگیا ہے كہ کیونکہ حاصل بزنجو ، محمود اچكزئی اور فضل الرحمن نواز شریف كے ساتھ جڑے ہوئے ہیں جب کہ قوم کو نوازشریف اور فضل الرحمان کی دوستی کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

خورشید بیگم سیكریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حكومت نے اپنی اپنی اتحادی جماعتوں كو نوازنے اور مخصوص شہروں اور علاقوں كے مفادات كا تحفظ كرنے كی پالیسی اپنالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں میں سندھ كے شہری علاقوں كو نظر انداز كرنا انتہائی قومی اہمیت كا مسئلہ ہے کیونکہ سندھ پاكستان كا اہم صوبہ ہے اور كراچی پاكستان كا اہم ترین شہر ہے لیکن گزشتہ ایك سال سے وفاقی اور صوبائی حكومتیں سندھ كے شہر كراچی پر كوئی توجہ نہیں دے رہی ہیں اور كراچی كو تباہی و بربادی كی طرف دھكیل كر پاكستان كی تباہی كا سامان پیدا كیاجارہا ہے جس کے ساتھ ملکی بقاء اور سلامتی كو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ چائنا پاكستان اكنامک كوریڈور میں بھی بلوچستان كا خیال اس لیے آگیا ہے کیونکہ حاصل بزنجو، محمود اچكزئی اور فضل الرحمان نواز شریف كے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اس لیے اب راہداری کو ان علاقوں سے ضرور گزرنا ہے جو اتحادیوں كے ہیں، یہ قومی منصوبہ ہے یا چند سیاسی جماعتوں كے اتحاد كو فائدہ دینے كا منصوبہ ہے تاہم ظاہرہوتا ہے کہ یہ سب پروجیكٹس مولانا فضل الرحمان كے ساتھ دوستی كی قیمت ہے جو قوم ادا كررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف بتائیں كہ وہ پاكستان كے كن مخصوص علاقوں كے وزیراعظم ہیں اور ان كی ترجیحات میں كون سے علاقے شامل ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ اب ہم ایك بڑی تحریک كاآغاز كررہے ہیں اور ہم فیصلہ كن جدوجہد كی طرف جائیں گے جس كا مقصدمقامی حكومتوں كو اختیارات،وسائل دینا، نئے صوبوں كا قیام سمیت مردم شماری كا منصفانہ انعقاد ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں